امریکہ سنگین نتائج کیلئے تیار رہے: شمالی کورین وزیر خارجہ ، شمالی کوریا کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں امریکہ حملے سے باز رہے : چین

امریکہ سنگین نتائج کیلئے تیار رہے: شمالی کورین وزیر خارجہ ، شمالی کوریا کے ...

  

بیجنگ ( ما نیٹر نگ ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس ایٹمی ہتھیاروں اور میزا ئلوںں کا وسیع ذخیر ہ ہے ، امریکا حملہ کرنے سے گریز کرے۔تفصیلات کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کی جنگ میں جیت کسی کی نہیں ہوگی۔دونوں ممالک معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ جنگیں کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کرتیں ۔چینی وزیر خارجہ نے شمالی کوریا اور امریکہ کے ممکنہ جنگ کے پیش نظر کہا ہے کہ دونوں ممالک کی فورسز میں لڑائی سے مہاجرین کا مسئلہ بھی پیدا ہونے کا خطرہ ہے اور کوریا کی جانب سے کسی بھی قسم کی جنگ میں چین کو مجبورا دخل دینا پڑے گا۔چین نے شمالی کوریا کی جانب سے اقوام متحدہ کی اپیل کو نظر انداز کرنے پر شدید مایوسی کا اظہار بھی کیا۔دوسری جانب چین نے شمالی کوریا کے دارالحکومت پیونگ یانگ کے لیے اپنی قومی فضائی کمپنی ایئر چائنا کی کمرشل پروازیں پیر 17 اپریل سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثنا شمالی کوریاکے نائب وزیر خارجہ سونگ ریول نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ان کے ملک کے خلاف جارحیت کی یا ان پر جنگ مسلط کی تو اس کے نتائج امریکہ پر ہوں گے اور وہ یہ نتائج بھگتنے کی تیاری کر لے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ سونگ ریول کا کہنا تھا کہ امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو بڑھانے کے اقدامات کر رہا ہے۔ ریول نے یہ بھی کہا کہ اوباما کے مقابلے میں موجودہ صدر جارحانہ پالیسی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔شمالی کوریائی نائب وزیر خارجہ نے امریکا کو متنبہ کیا کہ وہ اشتعال انگیزی سے اجتناب کرے اور اگر جنگ شروع کی جاتی ہے تو اْن کا ملک اْس کا مقابلہ کرے گا۔

شمالی کوریا

مزید :

صفحہ اول -