نواز شریف کے جلسے نہیں ، پاناما فیصلے سے قبل الوداعی پارٹیاں ہیں : نثار کھوڑو
کراچی ( ما نیٹر نگ ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر نثار کھوڑو نے وزیر اعظم پاکستان کے سندھ میں جلسوں کے متعلق اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیر اعظم کو سندھ میں الوداعی پارٹیوں کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا، پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی محافظ ہے، سندھ اور سندھ کی عوام کو ن لیگی حکومت نے مایوس کیا ہے۔ نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کو بجلی، گیس اور پانی سے محروم کرنے والی صرف ن لیگ ہے، نواز شریف کا جیکب آباد میں بجلی سے محروم علاقے کو ٹرانسفارمر دینے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔نثار کھوڑو نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ سندھ میں 20 گھنٹے بجلی نہیں ہے تو نواز شریف صاحب ٹرانسفارمر کیسے چلیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر ن لیگ نے سندھ کی خدمت کی ہوتی تو ان کے دیرینہ ساتھی نواز شریف کو نہ چھوڑتے۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کہتے ہیں کہ وزیر اعظم جانے سے پہلے جیبیں نہ جھاڑیں، نیا وزیراعظم نام زدکرنے کی فکرکریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ کو گیس نہیں دیں گے، بجلی نہیں دیں گے تو کیا ٹرانسفارمر کا اچار ڈالے گا۔