دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی سازش کے باوجود عوامی خوشحالی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا:شہباز شریف

دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی سازش کے باوجود عوامی خوشحالی کے منصوبوں کو آگے ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے باوجود توانائی منصوبوں کو جس تیزی سے آگے بڑھایا گیاہے اسکی کوئی مثال موجود نہیں جبکہ دھرنے او رلاک ڈاؤن ملک کو تباہ کرنے کی ساز ش تھے ، سی پیک نے پاکستان کی ترقی اورخوشحالی میں اہم کردار ادا کریگا ، اس پراجیکٹ سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستانی سرمایہ کار اورصنعتکار آگے بڑھیں۔ ایوان صنعت و تجار ت لاہور کے صدر عبدالباسط کی سربراہی میں ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد سے ملاقات میں صنعتکاروں اور کاروباری افرادکے مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ہم سب کاسانجھا ملک ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے توانائی بحران کے حل کے لئے غیر معمولی انداز میں کام کیا ہے،سابق دور میں رینٹل پاور کے نام پر توانائی کے شعبہ میں تباہی مچائی گئی لیکن اب وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں ہزاروں میگا واٹ توانائی کے منصوبے تیز ی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے کیلئے قوانین کو سخت کیا ہے لہٰذاکسی کو جعلی و غیر معیاری ادویات کے ذریعے انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،جعلی ادویات تیار کرنے والوں کی جگہ صرف جیل ہے جبکہ معیاری ادویات تیار کرنیوالوں کو کوئی تنگ نہیں کرے گا۔وزیراعلی نے صنعتکاروں اورکاروباری شخصیات کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز او راعلی حکام شامل ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ آ پ کے جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جبکہ وفاقی حکومت سے متعلقہ معاملات کے حل کیلئے وفاق سے بات کی جائے گی۔دریں اثنا مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ ظریف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان امن، امید اور روشنیوں کے سفر کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ملک میں امن بحال ہوا ہے اور ماضی کے مقابلے میں آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی اقوام عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی اور بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے یکسو ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سول ایوی ایشن سردارمہتاب خان عباسی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اورملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ میٹروبس سروس شہریوں کوباعزت عالمی معیار کی سفر ی سہولتیں فراہم کرنے کا ایک شاندار عوامی منصوبہ ہے ،جس کی افادیت دنیا بھر میں مسلمہ ہے اوریہی وجہ ہے کہ میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والے بھی اپنے صوبے میں یہی نظام لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخالفین نے سیاست کرنی ہے تو الیکشن میں کی جائے،عوام کو سہولتیں پہنچانے والے شاندار ترقیاتی منصوبوں پر سیاست کرنا قطعاًمناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’میں ‘‘کی روش اختیار کرنیوالوں نے ملک کا بے پناہ نقصا ن کیااوریہی وجہ ہے کہ عوام بعض سیاسی عناصر کی منفی سیاست سے لاتعلق ہوچکے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ شہبازشریف سے لارڈ نذیر احمد نے ملاقات کی ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اورپنجاب کے عوام کی ترقی کے پروگراموں پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے متعدد پروگراموں پر عملدر آمد جاری ہے ۔برطانیہ کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام کو آگے بڑھایا جارہا ہے ۔ایوان وزیراعلیٰ میں شہبازشریف سے گزشتہ روز قائممقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان خٹک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے لہٰذاپولیس کو امن عامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پولیس نظام میں اصلاحات کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔تھانوں میں عام آدمی کی دادرسی کیلئے پولیس کو فعال انداز میں کام کرنا ہے۔پولیس کو قیام امن کیلئے عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔امن کے قیام اور جرائم کے سدباب کیلئے پولیس کو وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسروں او راہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور ہمیں شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔

مزید :

صفحہ اول -