چارسدہ میں بجلی لوڈ شیڈنگ کیخلاف تاجر تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں نے طبل جنگ بنا دیا

چارسدہ میں بجلی لوڈ شیڈنگ کیخلاف تاجر تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں نے طبل جنگ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) بجلی لوڈشیڈنگ۔ چارسدہ کے تمام سیاسی پارٹیوں، بلدیاتی نمائندوں اور تاجر تنظیموں نے واپڈا کے خلاف طبل جنگ بجا دیا ۔ پیر کے روز چارسدہ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور واپڈا دفاتر کے سامنے تادم مر گ بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان ۔ عدل و انصاف کے اداروں، قانون کے رکھوالوں اور با اثر شخصیات کی بجلی چوری کا بدلہ عوام سے لیا جا رہا ہے جس پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔ آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ ۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں بجلی کی ناروا اور غیر اعلانیہ لو شیڈنگ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی ، قومی وطن پارٹی ، جماعت اسلامی ، تحریک انصاف ، جمعیت علمائے اسلام ، متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن ، تاجر اتحاد اور ضلع کونسل میں اپو زیشن اور حکومتی نمائندوں نے واپڈا کے خلاف طبل جنگ بجا کر پیر کے روز 17اپریل سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔ اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا غیر معمولی اجلاس زیر صدارت صوبائی رہنماء قومی وطن پار ٹی فقیر حسین لا لا منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے طارق خان ، اے این پی کے تحسین عبداللہ ، جماعت اسلامی کے ولی محمد خان ، جمعیت علمائے اسلام کے عطاء اللہ خان ، تحریک انصاف کے جابر خان ، ضلع کونسل میں اپو زیشن لیڈر قاسم علی خان محمدزئی ، متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں رحم بادشاہ ، تاجر اتحاد کے مرکزی صدر افتخار حسین صراف اور عالم خان کے علاوہ مختلف پارٹیوں کے دیگر ذمہ دران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ چارسدہ میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے حوالے سے گزشتہ اے پی سی اجلاس کے بعد چار مرتبہ واپڈا حکام سے مذاکرات کئے گئے مگر ایکسین چارسدہ محمد عارف خان مسلسل وعدہ خلافی کر کے اے پی سی سے کئے گئے معاہدوں سے روگردانی کر رہے ہیں ۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ایکسین سمیت سرکاری حکام سے مذاکرات کے در وازے بند ہو چکے ہیں اور پیر کے روز سے واپڈا کے خلاف تحریک کا آغاز کیا جائیگا ۔ پیر کے روز چارسدہ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائیگی اور تمام سیاسی جماعتیں ٹی ایم اے چارسدہ کے سبزہ زار سے ریلی کی شکل میں واپڈا دفاترجاکر تادم مرگ بھوک ہڑتال شرو ع کریگی ۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ایکسین محمد عارف خان کے بقول تمام تھانوں ، کچہری ، ہسپتال اور با اثر شخصیات بجلی چوری میں ملوث ہیں اور گزشتہ 17سال سے ایک روپیہ بل نہیں دے رہے جس کی وجہ سے لاسسز پورا کرنے کیلئے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ اجلاس میں ایکسین واپڈا اور دیگر ذمہ دار حکام پر شدید تنقید کی گئی اور واضح کیا گیا کہ واپڈا میں بھی جنگل کا قانون ہے جہاں پر انصاف فراہم کرنے والے اداروں ، قانون کے رکھوالوں اور با اثر شخصیات کی بجلی چوری کی سزا غریب عوام کو دی جا رہی ہے مگر کوئی پر سان حال نہیں۔