قیام پاکستان کی خوشیوں میں ترکی بھرپور حصہ لے گا، ترک سفیر

قیام پاکستان کی خوشیوں میں ترکی بھرپور حصہ لے گا، ترک سفیر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کی خوشیوں کے موقع پر سترسالہ جشن کی تقاریب میں ترکی بھی بھرپور حصہ لے گا اور اس سلسلے میں خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژ کے سیکریٹری انجینئر عامر حسن سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔ ترک سفیر نے کہاکہ پاکستان اور ترکی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام اور قیادت باہمی اعتماداور محبت کے رشتوں میں بندھے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان قربت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترکی پاکستان کے ساتھ فنون لطیفہ، ادب اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہش مند ہے ۔ اس ضمن میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ساتھ قریبی تعاون دونوں ممالک کو اس شعبے میں مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ انجینئر عامر حسن کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہاکہ نیشنل لائبریری میں ترک کارنر قائم کیاجائے گا۔ وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے قیام پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقاریب کے انعقاد کے ترک حکومت اور عوام کے جذبے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترک بھائیوں کی جانب سے خیرسگالی اوربرادرانہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے سفیر کوآگاہ کیا کہ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی سرپرستی میں ملک بھر میں علمی وادبی سرگرمیاں فروغ پارہی ہیں اور ڈویژن کے ماتحت اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اس ضمن میں سہولت کاری کی ذمہ داریاں فعال انداز سے اداکررہاہے۔انہوں نے کہاکہ ترکی میں قائم اسلامی کانفرنس تنظیم (او۔آئی۔سی) کی اسلامی تاریخ وثقافت سے متعلق تنظیم (ارسیکا) کے تعاون سے عالمی خطاطی نمائش کا بھی انعقاد کیاجارہا ہے۔اس موقع پر انجینئر عامر حسن نے علامہ اقبال کی ترکی میں ترجمہ شدہ کتب کا تحفہ بھی ترک سفیر کو پیش کیا۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق بھی موجود تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر