راولپنڈی،مسیحی برادری کے ایسٹر تہوار پر خصوصی سکیورٹی پلان جاری

راولپنڈی،مسیحی برادری کے ایسٹر تہوار پر خصوصی سکیورٹی پلان جاری

  

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر خصوصی سکیورٹی پلان جاری کردیا، 2000کے قریب افسران و ملازمان تعینات ،ایلیٹ فور س کے دستے خصوصی گشت بھی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر13تا16اپریل تک جاری رہنے والے پروگراموں کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کردیا۔ سکیورٹی پلان کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تقریباً2000افسران و ملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔علاوہ ازیں راولپنڈی ضلع میں واقع عوامی پارکوں اور تفریحی مقامات پر راولپنڈی پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ ایلیٹ فورس ،سپیشل برانچ اور لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ راولپنڈی کے تمام چرچ ہائے پر خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔جس کے لئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔چرچ ہائے میں داخل ہونے والے ہر شخص کی چیکنگ بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹراور واک تھرو گیٹ کے ذریعے کی جائے گی ۔ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی ۔ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی بھی کی جائے گی ۔تمام تھانہ جات کی موبائل اور محافظ اسکارڈ اپنے اپنے علاقہ میں گشت پر رہیں گے ۔علاوہ ازیں ایلیٹ فورس کے دستے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت بھی کریں گے ۔مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کی خوشی کے موقع پر راولپنڈی پولیس امن عامہ کے قیام کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لائے گی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -