اسلام ہمیں اخوت وبھائی چارے کا درس دیتا ہے،ڈی سی راولپنڈی

اسلام ہمیں اخوت وبھائی چارے کا درس دیتا ہے،ڈی سی راولپنڈی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر)ڈی سی طلعت محمود گوندل نے سی پی او اسرار احمد عباسی کے ہمراہ ایسٹر کی تقریبات کے سلسلے میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدرات کی ۔اجلاس میں پاسٹر پرویز سہیل،ڈی ایس پی سپیشل برانچ نذیر احمد،ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عبدلمجید،ڈی ایم اے اوقاف زاہد اقبال،ممبر کنٹونمنٹ بورڈ پرویز سہوترا،پاسٹر پرویز فلپ، پادری جانسن بھٹی، پاسٹر عادل مسیح سمیت دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر منعقد ہونے والے اجتماعات کو احسن طریقے سے پائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے ارکان اپنا فعال کردار اداکریں ۔ انہوں نے کہا اسلام ہمیں اخوت وبھائی چارے کا درس دیتا ہے اور پاکستان میں تمام مذاہب کی جان ،مال اور مذہبی روایات کا تحفظ ہم سب کا قومی فریضہ ہے ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ چرچز میں سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شخص کو مکمل چیکنگ کے بغیر چرچ میں داخل نہ ہونے دیا جائے ۔ سی پی او اسرار احمد عباسی نے کہا کہ گزشتہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر راولپنڈی میں ایسٹر کی تقریبات کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام 72 چرچز کا ازسرنو سیکیورٹی آڈٹ کیا گیا ہے اور پولیس کا دیگر سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے شہر بھر میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر کی تقریبات کے دوران شہری بھی چوکنا رہیں اور اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور مشکوک افراد کے متعلق اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دیں۔ اجلاس کے آخر میں پاسٹر پرویز سہیل نے ایسٹر کی تقریبات کے خصوصی انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کروائی۔