پی پی اے ایف کے تعاون سے شمسی توانائی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح

پی پی اے ایف کے تعاون سے شمسی توانائی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح

  

کراچی(پ ر) اسپیکر خیبرپختونخوا اسد قیصر نے ضلع صوابی کے بڈگا قصبے سے تکیل چوک جانے والی اہم مضافاتی شاہراہ کی توسیع اور وہاں شمسی توانائی سے چلنے والے سولر پی وی لائٹنگ سسٹمز پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جرمن ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو کے کنٹری ڈائریکٹر والف گینگ مویلیرز اور پی پی اے ایف کے سی ای او قاضی عظمت عیسیٰ، بھی موجود تھے۔ ان دونوں منصوبوں کے لئے وفاقی جمہوریہ جرمنی نے کے ایف ڈبلیو کے ذریعے مالی معاونت کی فراہمی میں اشتراک کیا ہے۔ پی پی اے ایف ، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی) کے اشتراک سے ان دونوں منصوبوں پر عمل درآمد کر وا رہا ہے۔ؓؓبڈگا گاؤں برآستہ گدون روڈ صوابی شہر سے 53 کلومیٹر دور ہے اور گنی چاہترا یونین کونسل میں واقع ہے اور ضلع صوابی کے علاقے گدون کی حدود میں آتا ہے۔ بڈگا ایک اہم مضافاتی شاہراہ ہے جو اس یونین کونسل کے دیگر دیہاتوں کو ملک کے باقی حصوں سے منسلک کرتی ہے ۔ اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کی تعمیر سے متعلق علاقے کے لوگوں کے جذبے اور عزم کی پذیرائی کرتے ہوئے پی پی اے ایف کے لائیولی ہوڈ سپورٹ اینڈ پروموشن آف اسمال کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام (ایل اے سی آئی پی) پروجیکٹ کے تحت سات کلومیٹر طویل منسلکہ سڑک تعمیر کی گئی۔ پی پی اے ایف نے اس پروجیکٹ کی 85 فیصد لاگت برداشت کی جبکہ لوگوں نے مزدوری کی شکل میں 15 فیصد تعاون کیا۔ اس منصوبے سے بڈگا قصبے کے ڈھائی ہزار شہریوں کو براہ راست مستفید ہوں گے ۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر 47 کلو واٹ کا شمسی توانائی کے سسٹم کا بھی افتتاح کیا جو آلودگی سے محفوظ بجلی پیدا کرتا ہے اور قابل تجدید توانائی پروگرام کے پہلے مرحلے میں شمسی توانائی سے حاصل بجلی علاقہ مکینوں کو فراہم کی جائے گی ۔ اس منصوبے کے تحت علاقے کے 50 گھروں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی جس سے 320 افراد براہ راست مستفید ہوں گے جبکہ لڑکیوں اور لڑکوں کے اسکوں، کمیونٹی مراکز اور مسجد کو بھی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا، "یہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ آج میں اس تقریب کا حصہ ہوں جہاں ہم اپنے ان ساتھیوں کی غیرمعمولی کامیابیوں کی خوشی منا رہے ہیں جو انتہائی غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ غربت ہمارے ملک کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے ہمیں ٹھوس اقدامات اور بھرپور عزم کی ضرورت ہے۔ بطور رہائشی اور اس علاقے کے نمائندے کے طور پر میں پی پی اے ایف، کے ایف ڈبلیو اور این آر ایس پی کا مشکور ہوں جو اس پسماندہ علاقے کی ترقی کے لئے آگے بڑھے۔ میرا خیال ہے کہ اس طرح کے شمسی توانائی کے منصوبوں پر دیگر علاقوں میں بھی کام کیا جانا چاہئیے بالخصوص ایسے علاقے جہاں واپڈا کی رسائی نہ ہو اور حکومت اس حوالے سے ان کی مدد کے لئے کوشاں ہوں۔"

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -