میاں رضاربانی کا کام بند کرنے کا فیصلہ اصولی ہے،نثار کھوڑو

میاں رضاربانی کا کام بند کرنے کا فیصلہ اصولی ہے،نثار کھوڑو

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پا کستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سینیٹ چیئرمین میاں رضاربانی کا ایوان میں وفاقی وزراء کی عدم موجودگی پر کام بند کرنے کا فیصلہ اصولی ہے،ن لیگ کے وفاقی وزراء نے ایوان میں شرکت نہ کرکے سینیٹ چیئرمین کے عہدے کی توہین کی ہے اور سینیٹ کے ایوان کا تقدس پامال کیا ہے۔اب ہمیں انتظا ر رہے گا کہ وزیراعظم ایوان میں شرکت نہ کرنے والے اُن وفاقی وزراء کے خلاف کب کاروائی کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اصول والے شخص اور جمہوری اداروں کے پاسبان ہیں ۔انھوں نے کہاکہ رضا ربانی نے سینیٹ کے ایوان میں وفاقی وزراء کی عدم موجودگی پر کام بندکرنے کا فیصلہ کرکے بہتر قدم اٹھایا ہے ۔رینجرز اختیارات کے متعلق ایک سوال کے جواب میں نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ جب رینجرزکے اختیارات کی مدت ختم ہوگی تب سندھ حکومت فیصلہ کریگی اوراس کے متعلق سب کو پتا چل جائے گا۔نثاراحمد کھوڑونے کہا کہ ن لیگ کی حکومت اپنی کریڈیبلٹی کھو چکی ہے اور پانامہ لیکس کا فیصلہ ن لیگ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے ساتھیوں اورپیپلزپارٹی کے رہنماؤ ں غلام قادر مری اور اشفاق لغاری کاڈاکوؤ ں کے ہاتھوں اغوا کا تاثر غلط ہے کیونکہ ڈاکوؤں کے پاس واکی ٹاکی سیٹ نہیں ہوتے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ابھی تک ان گمشدہ رہنماؤں کے متعلق کچھ بتانے اورجواب دینے کو تیار نہیں ہے جوکہ ن لیگ حکومت کی بے حسی ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا چھوٹے صوبوں کے ساتھ دوہرا معیار ہے ،سندھ 70فیصد گیس پیدا کرنے کے باوجود بھی گیس سے محروم ہے جبکہ پنجاب 2فیصدبھی گیس پیدا نہیں کررہا مگر پنجاب کو گیس فراہم کی جارہی ہے۔وفاقی حکومت کا یہ دوہرا معیار نہیں چلے گا۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان پیپلز پارٹی پر الزام دینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کیونکہ وہ خود دس نمبری ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -