حق پرست امیدوارں کی شاندار کامیابی پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تشکر

حق پرست امیدوارں کی شاندار کامیابی پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تشکر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں حق پرست امیدواران کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرانے پر کراچی ، حیدرآباد، میر پور خاص اور سکھر کے عوام سے دلی تشکر کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حق پرست نامزد امیدواران کی ضمنی بلدیاتی الیکشن میں فقید المثال کامیابی غریب و متوسط طبقے کے عوام کی فتح ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کراچی ، حیدرآباد ، میر پور خاص اور سکھر کے عوام نے ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم (پاکستان ) پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کردیا ہے جس پر شہری سندھ کے عوام زبردست خراج تحسین اور مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) سندھ کے شہری عوام کامقدمہ لڑتی رہے گی اور اس ضمن میں پرامن جدوجہد جاری رکھے گی ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے مزید کہاکہ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک ، ناانصافیوں اور زیادتیوں کے باوجود عوام نے جس طرح سے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں حق پرست امیدواران کو کامیاب کرایا ہے وہ ایم کیوایم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے اور ان عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے جو ایم کیوایم (پاکستان ) کو اس کا جائز حق اور جگہ دینے کے بجائے اسے غیر قانونی اور غیر آئینی طورپر مسلسل دیوار سے لگانے کا گھناؤنا عمل کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کراچی ، حیدرآباد ، میر پور خاص اور سکھر میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی پر عوام پر دلی مبارکباد دی اور کہا کہ عوام اپنے درمیان اتحاد برقرار رکھیں انشاء اللہ ظلم اور ناانصافیوں کے دور کا جلد خاتمہ ہوگا اور شہری سندھ کے عوام کو ان کے جائز حقوق ضرور ملیں گے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -