بھارتی یاتریوں کی آمد سے ثابت ہو گیا پاکستان میں مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے: سردار یوسف

بھارتی یاتریوں کی آمد سے ثابت ہو گیا پاکستان میں مذاہب کو مکمل آزادی حاصل ہے: ...

  

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی میلے کے موقع پر رسم بھوگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ تم مذاہب امن و محنت کا درس دیتے ہیں۔بھارت جانے والے زائرین کوویزہ نہیں دیا جاتا مگر ہم بھارت سے آنے والے یاتریوں کو ہزاروں کی تعداد میں ویزے جاری کرتے ہیں جواس بات کاثبوت ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔اس موقع پران کے ہمراہ چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق۔ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑہ۔طارق مسعود وزیر ایڈیشنل سیکرٹری متروکہ وقف املاک۔ میاں عبدل قدیر سیکرٹری بورڈ متروکہ وقف املاک۔ فراز عباس ڈپٹی سیکرٹری متروکہ وقف املاک۔ڈی سی او اٹک رانا اکبرحیات۔عمران گوندل ڈپٹی سیکرٹری متروکہ وقف املاک سمیت بڑی تعدادمیں اعلیٰ حکام اورسکھ یاتری موجودتھے۔رسم بھوگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سرداریوسف نے کہاکہ اسلام سمیت دنیا کے تمام مذاہب امن و محبت کا درس دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم دنیا بھر سے آنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو ان کے مقدس مقامات تک جانے کے لیے فراغ دلی سے ویزے فراہم کرتے ہیں مگر اس کے برعکس بھارت زیارات کے لیے جانے والے ہمارے زائرین کو ویزے جاری نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا آئین اور قانون بھی تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ اور آزادی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان گوردواروں کی تعزین و آرائش کے لیے کوشاں ہے اور ہرآنے والے سال آپ کو یہاں انتظامات میں بہتری نظر آئے گی۔چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے خطاب میں کہاکہ ہمارے دشمن مسلمانوں اور سکھ مذہب کے ماننے والوں کے درمیان غلط فہمیاں اوردوریاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے مگر ہم ایسا کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ہمیں مل کر اپنے دشمن کوتلاش کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم نانک شاھی کلینڈر کے حق میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیاکے سکھ اکھٹے ہوکر باباگورونانک کی 585جنم دن کی تقریب منعقدکریں ہم بھی ان کے ساتھ یہ دن بھرپورانداز میں منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گورو گرنتھ کی پرنٹنگ پاکستان میں ممکن بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ گورو گرنتھ کی مقدس کتاب کو بے حرمتی سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بابا گورونانک یونیورسٹی کے لیے ایک ارب روپے مختص کر دیے گئے ہیں ۔جبکہ دیگر اہم منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔خالصہ تحریک کے بانی سردار من موہن سنگھ خالصہ نے اپنے خطاب میں بھارت کو سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دشمن نہیں چاہتے کہ ہم آپس میں اکھٹے ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ دوستی پر فخر ہے اور ہم حکومت پاکستان کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے گوردواروں کی احسن طریقے سے دیکھ بھال کی۔انہوں نے کہاکہ خالصتان تحریک کودبانے کی کوشش کرنے والے ناکام اور نا مراد ہوں گے۔خالصتان ہر صورت میں بن کررہے گا اور اگر میں وہاں نہ جا سکا تو میرا بیٹایا میرا پوتا ضرور وہاں جا ئے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے انقریب 12ٹوٹے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ سکھوں کا عالمی دن ہرصورت منایاجائے گا۔ دیگر مقررین نے بھی بھارت سمیت دنیابھرسے آنے والے یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گوردواروں کی تعزین و آرائش کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔دیگر خطاب کرنے والوں میں سردار بشن سنگھ۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ۔سردار بلوندر سنگھ اور دیگر شامل تھے۔تقریب میں کچھ عرصہ قبل مار دیے جانے والے سکھ رہنماء ایم پی اے سردار سورن سنگھ کے بیٹے کو 10لاکھ روپے کا چیک بھی دیاگیاجبکہ دیگر مہمانوں میں پرشاد۔شالیں اوردیگر انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔میلہ بیساکھی کی تقریبات کے اختتام کے بعد بھارتی سکھ یاتری آج بروز ہفتہ واپس روانہ ہو جائیں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -