رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں, محکموں کو سینٹ میں پوچھے گئے سوالوں کا جواب دینا چاہئے ،مزید ٹرینوں کو نجی شراکت داری پر چلانے پر غور کر رہے ہیں:خواجہ سعد رفیق

رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں, محکموں کو سینٹ میں پوچھے گئے سوالوں کا جواب ...
 رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں, محکموں کو سینٹ میں پوچھے گئے سوالوں کا جواب دینا چاہئے ،مزید ٹرینوں کو نجی شراکت داری پر چلانے پر غور کر رہے ہیں:خواجہ سعد رفیق

  

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چیئرمین رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں اور انہیں منا لیں گے ،محکموں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے اور کچھ کی غفلت کی وجہ سے دیگر کیلئے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں،مزید ٹرینوں کو نجی شراکت داری پر چلانے پر غور کر رہے ہیں ،قوم کو یقین دلاتے ہیں محکمہ ریلویزاپنی خامیاں جلد دور کر لے گا،جعفر ایکسپریس کا چاروں صوبوں کا سفر قومی وحدت کی علامت ہے ۔

جعفر ایکسپریس کے کوئٹہ سے لاہور پہنچنے پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو اس وقت ریلویزآخری سانسوں پر تھا لیکن آج یہ محکمہ ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ۔وسائل کی کمی کے باوجود پاکستان ریلویزکو آگے لے کر جارہے ہیں اور یہ وقت کے ساتھ مزید بہتر اور اہم کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی تقدیر بد ل جائے گی اور اس میں ریلویزکا اہم کردار ہوگا۔محکمے کی بہتری کے لئے ہر شعبے میں اصلاحات کی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ حادثات سے بچاؤ کے لئے پھاٹک نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایکسپریس کو جلد جدید سہولتوں سے آراستہ کر کے چلائیں گے، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ریلویزاپنی خامیوں کو جلد دور کر لے گا ، ٹرینوں کو مرحلہ وار اور بتدریج اپ گریڈ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی شراکت داری کے لئے قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہار دئیے ہیں اور اس کے بعد کئی اہم کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ ایم ایل Iکے ساتھ مین لائن پر کام کرنے کے قابل ہو جائیں ، اس ماڈل کو مزید بہتر کریں گے اور ریلوے ایک ریگولیٹری باڈی کے طو رپر کام کرتا رہے گا ،  ہم چاہتے ہیں کہ ریلوے کی استعداد کار کو بڑھائیں اس کے لئے مزید ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے پر غور رہے ہیں لیکن اس میں یہ طے ہے کہ ہمیں ایک بہتر آمدنی کی گارنٹی ہو۔

انہوں نے چیئرمین رضا ربانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سب رضا ربانی کو اچھی طرح جانتے ہیں اور وہ قابل احترام شخصیت ہیں ،وزراء اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں لیکن بعض اوقات ایساموقع آ جاتا ہے جب ایک شیڈول کی وجہ سے دوسرا کام متاثر ہوتا ہے ۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جو بھی سوالات پوچھے جائیں محکموں کو ان کے جوابات دینے چاہئیں اور کچھ کی غفلت کی وجہ سے دیگر کیلئے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں ،ہم رضا ربانی کو منا لیں گے اور نظام بہترین انداز میں چلتا رہے گا ۔

مزید : قومی