کوئٹہ میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد ہلاک ، متعدد زخمی
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری میں چرچ کے قریب پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے میں عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے 2 افراد ہلاک اور کم از کم 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ صوبائی دارالحکومت کے علاقے عیسی نگری میں پیش آیا۔فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب سے تھا جو رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے کوئٹہ آئے تھے۔فائرنگ کے اس افسوس ناک واقعہ کے بعدمسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد مشتعل ہو گئے اور انھوں نے ٹائر نذر آتش کر کے بروری روڈ کو بند کر دیاہے جبکہ مشتعل مظاہرین نے بولان میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ حادثات کا دروازہ بھی توڑ دیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کوئٹہ کے شاہ زمان روڈ میں رکشے میں سوار عیسائی برادری کے چار افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھاجبکہ ہلاک ہونے والے تین افراد کا تعلق لاہور سے تھا جو کہ ایسٹر منانے کے لیے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کوئٹہ آئے تھے۔ اس سے قبل بھی کوئٹہ میں دہشت گردی کے متعدد واقعات میں عیسائی برادری کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے ۔