مشیروزیراعلیٰ کا اتوار بازاروں کا دورہ ، گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

مشیروزیراعلیٰ کا اتوار بازاروں کا دورہ ، گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندے سے،سٹی رپورٹر)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی اموروکنوینر ٹاسک فورس آن پرائس کنٹرول محمد اکرم چوہدری نے شادمان اور وحدت کالونی اتوار بازاروں کا تفصیلی دورہ کیا اور روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور قیمتوں وغیرہ کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر بعض دکانداروں کی سرزنش کی جبکہ موقع پر ہی خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو جرمانے بھی کئے۔ تفصیلات کے مطا بق سیاسی مشیر اکرم چوہدری نے بالترتیب شادمان بازار اور وحدت کالونی اتوار بازار کا دورہ کیا اور اپنے دورے کے دوران دکانداروں کے کوائف وغیرہ کی چیکنگ کی تاہم اصل شناختی کارڈز ہمراہ نہ رکھنے پر بعض دکانداروں کو ہلکے پھلکے جرمانے بھی کئے۔شادمان اتوار بازار میں بکرے کا گوشت مزید 50روپے مہنگا کر دیا گیا، فی کلو قیمت 850 روپے ہو گئی۔سبزیوں کی قیمتیں اوپر اور جبکہ معیار نیچے جا رہا ہے ۔ شادمان اور وحدت کالونی اتوار بازار میں صارفین کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا گیا نہ ہی بیٹھنے کا کوئی انتظام کیا گیا تھا جس پر مشیر وزیر اعلیٰ اکرم چودھری نے مارکیٹ کمیٹی کے ممبران کو سخت کارروائی کا حکم دیا۔میڈ یا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم چوہدری نے کہا کہ رمضان کی آمد سے قبل تمام بازاروں میں ڈی سی ریٹس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے جبکہ گراں فروشی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کریک داؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔اکرم چوہدری نے مارکیٹ کمیٹی کے ممبران کو ہدایت کی کہ بازاروں میں نرخ نامے آویزاں کرانے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائیں تاکہ صارفین کو شکایات کا موقع نہ مل سکے اور بازاروں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان کو بھی ہدایت کی کہ گرمی کی آمد آمد ہے ،اسلئے سایہ دار ماحول یقینی بنانے کیلئے بہترین ٹینٹس وغیرہ کا انتظام کیا جائے اور پینے کیلئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔