لٹیروں کے احتساب سے حقیقی جمہوریت کا سفر شروع ہوا، صمصا م بخاری

لٹیروں کے احتساب سے حقیقی جمہوریت کا سفر شروع ہوا، صمصا م بخاری

لاہور(این این آئی ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کے عمل سے جمہوریت کا تصور مکمل ہوا ہے ،تین دہایوں تک ملک کے وسائل سے کھلواڑ کو جمہوریت کا نام دینے والے سیاستدان اب دن رات واویلا کر رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے ایسے لٹیروں اور چوروں کو جب اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے تو جمہوریت کا حقیقی سفر اب شروع ہوا ہے، قوم عنقریب دیکھے گی کہ اس بے رحمانہ احتساب کے عمل نے نہ صرف ملکی سیاسی صورتحال میں استحکام پیدا کیا ہے بلکہ اقتصادی میدان میں بھی وہ بہتری دیکھنے کو ملے گی جو حقیقی ہو گی ۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر صمصام بخاری نے کہا کہ حیرت ہے جن کی اپنی سیاسی زندگی آکسیجن اور ویلنٹی لیٹر پر لگی ہوئی ہے وہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے اور حکومت گرانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے پر ڈاکے مارنے کے ماہر ایک نام نہاد ماہر معیشت وزیر خزانہ نے ماضی میں معیشت کا جو سبز باغ سجا رکھا تھا اس کی حقیقت ا ب طشت ازبام ہو چکی ہے اور وہ شخص ملک کی کشتی طوفان کے حوالے کر کے خود اپنے دور میں کی گئی لوٹ مار کی رقم سے اب لندن میں پر آسائش زندگی گزار رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق لٹیروں پر ہاتھ ڈال دیا ہے، لٹیروں کو لوٹی ہوئی رقم بھی واپس کرنی ہو گی اور اپنے کیے کی سزا بھی بھگتنا ہو گی ۔سابق حکومتوں کی شہ خرچیوں اور کرپشن کی وجہ سے تحریک انصاف کی حکومت کو خزانہ خالی اور قومی ادارے تباہ حال صورت میں ملے، تاہم تحریک انصاف کی معاشی ٹیم ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے سرگرم ہے۔ صمصام بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کے مطابق ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے ایک مربوط پروگرام مرتب کررہی ہے جس کے تحت نئے پاکستان کے غریب دوست پروگرام ’’احساس‘‘ کے تحت غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا، عوام کو صحت کارڈ کی فراہمی، شیلٹرز ہومز کی تعمیر، سستا گھر سکیم،وزیراعظم پورٹل برائے عوامی شکایات جیسے اقدامات عمران خان کی عوام دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

مزید : صفحہ اول