پشاور، بی آر ٹی منصوبہ کی تکمیل تک ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

پشاور، بی آر ٹی منصوبہ کی تکمیل تک ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

پشاور،بیجنگ(این این آئی، آن لائن) خیبرپختونخوا کے میگا بس منصوبے بی آر ٹی کی تکمیل میں تاخیر پر صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور اب منصوبے کی تکمیل تک تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ خیبرپختونخوا کے میگا بس منصوبے بی آر ٹی کی تکمیل میں تاخیر پر شدید تنقید کے بعد صوبائی حکومت نے منصوبے کی تکمیل تک تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں ۔ ترجمان بی آر ٹی کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے قبل کوئی بھی پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کا ملازم چھٹی نہیں کریگا ، منصوبے پر تیزی سے کام کرنے کے لیے ملازمین کی شفٹیں بھی ڈبل کی جائیں گی۔ترجمان بی آر ٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے کو ہدایت کی گئی کہ منصوبے کی تکمیل تک کوئی تعطیل نہیں لیں گے۔خیال رہے کہ ہشت نگری کے قریب بی آر ٹی منصوبے کے انڈر پاس میں ایک اور خامی سامنے آئی ہے جس میں گیس کی دو پائپ لائن موجود ہیں جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے افراد کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم نے پشاور میٹرو میں کئی خامیوں اور نقص کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد ایک خاتون بھی آزمائشی سروس کے دوران میٹرو بس کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی تھیں۔دوسری جانب پشاور ریپڈ بس منصوبے میں 22سٹیشنوں پر ہائی پاور جنریٹرز کی تنصیب کاکام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ طوفانی بارشوں سے متاثر ہونے والے اسٹیشنوں کی مرمت کاکام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ معذور افراد کو ریپڈ بس منصوبے میں بھرتیوں کے لئے خصوصی کوٹہ بھی مختص کر لیا گیا ہے ۔ ریپڈ بس منصوبے میں بجلی خود کار سسٹم کی تنصیب کے بعد شہر میں کسی بھی مقام پر بجلی کے مسائل پیدا نہیں ہو نگے ۔ 3ارب بیس کروڑ روپے کی ادائیگی نہ ہونے کے باوجود منصوبے پر کنسٹرکشن کمپنیوں نے کام جاری رکھا ہے تاکہ حکومتی اعلان کے مطابق کام جلد سے جلد مکمل ہو سکے 27کلو میٹر بی آر ٹی پر بم پروف تعمیرات کاکام بھی آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے بعض مقامات پر بم پروف تعمیرات سیکورٹی اقدامات کے پیش نظر کیاگیا ہے ۔ اس حوالے سے پراجیکٹ کے ترجمان کے مطابق کام 24گھنٹے جاری ہے جس کیلئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے ترجمان نے بتایا کہ پراجیکٹ کے دورانیہ میں اضافہ مختلف مقامات پر پراجیکٹ کو توسیع دینے کی وجہ سے کیاگیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانگی کو بھی جاری رکھا گیا ہے‘ ترجمان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کسی قسم کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کیاگیا بین الاقوامی طرز کا سفری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کیلئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے جبکہچین سے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی مزید 20 بسیں روانہ کردی گئیں جو سی پورٹ کے ذریعے پاکستان پہنچیں گی۔ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی منصوبے میں شامل بسیں چین سے منگوائی جا رہی ہیں اور مزید 20 بسیں پاکستان کیلئے روانہ کردی گئی ہیں۔حکام کے مطابق 18 میٹر کی بسیں سی پورٹ کے ذریعے پاکستان پہنچیں گی ،اس سے پہلے 51 بسیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جن میں 30 بسیں کراچی اور 21 بسیں پشاور پہنچی ہیں۔

بی آر ٹی

Back to Conversion Tool

مزید : صفحہ آخر