پرانے ڈیمز کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں تشویشناک حد تک کمی آ گئی

پرانے ڈیمز کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں تشویشناک حد تک کمی آ گئی

کراچی(این این آئی)پاکستان میں نئے آبی ذخائر نہ بننے کے علاوہ پرانے ڈیمز کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں تشویشناک کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور نئے ڈیم نہ بننے سے رواں برس بھی ڈیڑھ کروڑ ایکڑ فٹ میٹھا پانی سمندر کی نذر ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، جس سے کم از کم دو بڑے ڈیم بھرے جا سکتے ہیں۔گزشتہ تین برسوں کے دوران دنیا کے سب سے بڑے ارتھ فلڈ ڈیم تربیلا کا ڈیڈ لیول 14 فٹ تک بڑھ گیا ہے ، 2017میں تربیلا کا ڈیڈ لیول 1378 فٹ تھا جو بڑھ کر 1392فٹ کی سطح پر آ گیا ہے، 1977میں جب تربیلا ڈیم آپریشنل ہوا تو اس کے آبی ذخیرہ کی استعداد ایک کروڑ 10لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد تھی جو اب70لاکھ ایکڑ فٹ سے بھی کم ہو گئی ہے ، ڈیڈ لیول میں موجودہ رفتار سے اضافہ ہوتا رہا تو آنیوالے چند برسوں میں مٹی کی بھرائی کے باعث دنیا کے بڑے ڈیم کا درجہ حاصل کرنیوالا تربیلا لارج ڈیم کے سٹیٹس سے بھی نکل جائیگا۔پانی ذخیرہ کرنے کی کم ہوتی صلاحیت کے باعث گندم، گنے ، کپاس اور مکئی جیسی بڑی فصلوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جس سے مجموعی ملکی پیداوار بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ واضح رہے کہ ، عالمی بینک نے 1967میں دریائے سندھ پر واقع تربیلاڈیم کی تعمیر کی منظوری دی۔ڈیم کی لمبائی 9 ہزار فٹ، زیادہ سے زیادہ اونچائی 485 فٹ (147.83 میٹر)ہے ۔ دریا کے بائیں کنارے پر 45فٹ قطر کی چار سرنگیں ہیں جن میں سے 3بجلی پیدا کرنیوالے یونٹوں سے منسلک اور چوتھی آبپاشی کے مقصد کیلئے ہے ۔ اسی ڈیم سے ایک نہر نکال کر غازی بروتھا کے مقام پر مزید ٹربائنیں لگا کر بجلی پیدا کی جا رہی ہے ۔اس حوالے سے آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ پاکستان میں واحد دریا ہے جہاں پر بڑے آبی ذخیروں کی تعمیر کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

کمی ریکارڈ

خانپور/راولپنڈی (این این آئی)خان پور ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی حد کو پہنچ گئی جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خان پورڈیم میں پانی کی آمد496 مکعب فٹ فی سکینڈ ہے ، اسپل وے کھول کر ڈیم سے6500 کیوسک اضافی پانی کااخراج شروع کر دیا گیا واضح رہے کہ خان پور ڈیم کا انتہائی لیول 1982 فٹ ہے۔ دوسری جانب خان پور ڈیم پانی کے والو کھولنے سے نالہ لئی میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔ مساجد میں اعلانات کر کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات کی گئی ۔ ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن نے بتایاکہ شہریوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ،سیلاب کا کوئی خدشہ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی حکومتی ایمرجنسی ادارے کی جانب سے بھی ہمیں کوئی الرٹ جاری نہیں ہوا ۔انہوں نے کہاکہ خان پور ڈیم کا اضافی پانی نالہ لئی میں نہیں گرتا یہ کے پی کے میں گرتا ہے ۔

خان پور ڈیم

مزید : صفحہ آخر