کینٹ ڈویژن میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن ، 335گرفتار

کینٹ ڈویژن میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن ، 335گرفتار

لاہور( خبرنگار) ایس پی کینٹ آپریشن شہباز الٰہی کی ہدایت پر کینٹ ڈویژن پولیس نے گزشتہ ہفتہ کے دوران 335 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جس میں 94 جرائم پیشہ افراد اور 45خطرناک اشتہاریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ آپریشن شہباز الٰہی نے اس حوالے سے بتایا کہ کینٹ ڈویژن میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس میں جرائم پیشہ افراد، ون ویلنگ، پتنگ بازی، منشیات، قمار بازی، ہلڑ بازی اور قانون کوہاتھ میں لینے سمیت اشتہاری ملزمان اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں سمیت ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جاتا ہے۔جس میں 45 خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ کینٹ ڈویژن کے مختلف تھانوں سمیت لاہور کے دیگر تھانوں کی پولیس کو قتل اور ڈکیتی قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ 94 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کو قمار بازی اور منشیات فروشی سمیت ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکیا گیا ہے اور 15 ملزمان سے دوران پٹرولنگ اور گشت ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جس میں جدید اور غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ بھی قبضہ میں لیا گیا ہے جبکہ 54عدالتی اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے خلاف عدالتوں میں سنگین مقدمات زیر سماعت ہیں اور ملزمان عدالتوں میں پیش ہونے کے بجائے اشتہاری تھے۔ اسی طرح 35 پتنگ باز اور پتنگ ساز گرفتار کئے گئے ہیں جن کے قبضہ سے ہزاروں روپے مالیت کی پتنگیں، ڈور اور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں ۔ 10 ملزمان کو شہریوں کی جائیدادوں کے جعلی کاغذات بنا کر قبضہ کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا ہے۔ 13 ملزمان سے بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کی چرس اور ہیروئن برآمد کر کے مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 8 افراد کے خلاف 15 پر بوگس کالیں کرنے پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ایس پی کینٹ شہباز الٰہی کے مطابق گزشتہ ہفتہ میں 120 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ جس میں سائلین کی درخواستوں پر مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں بعض سائلین کی درخواستوں پر خاندانی معاملات ہونے پر صلح و صفائی کروائی گئی ہے۔

مزید : علاقائی