جشن بہاراں میلہ ’’ کرک رنگونہ ‘‘رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر

جشن بہاراں میلہ ’’ کرک رنگونہ ‘‘رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر

کرک ( بیورورپورٹ) کرک میں منعقدہ جشن بہاراں میلہ ’’ کرک رنگونہ ‘‘رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر ، پرجوش عوام کی بھرپور شرکت ، کبڈی مقابلے میں لکی مروت نے کرک کو مات دیدی ۔ میلے کی اختتامی تقریب گذشتہ روز شام جیل چوک گراؤنڈ میں منعقد ہو ئی جس کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک تھے جبکہ تقریب میں ایم پی اے حلقہ PK86ملک ظفر اعظم ، ڈپٹی کمشنر کرک عابد اللہ کاکا خیل ، اسسٹنٹ کمشنر کرک بشیر احمد سمیت ضلع بھر کے ویلج کونسلوں کے ناظمین ، عمائدین علاقہ ، کھلاڑیوں ، نوجوانوں اور بچوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی جشن بہاراں میلے میں تیسرے اور آخری روز کبڈی کے سنسنی خیز مقابلے کے ساتھ ساتھ فٹ بال اور مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ سرکاری محکموں اور پرائیوٹ کاروباری حضرات کی جانب سے لگائے جانیوالے سٹالز میں بھی عوام کی گہما گہمی رہی سہ پہر کو کھیلے جانیوالے کبڈی مقابلے کو دیکھنے کیلئے ضلع کے طول و عرض سے شائقین اکٹھا ہوئے ہزاروں تماشائیوں میں لکی مروت کی کبڈی ٹیم نے مقامی ٹیم کو شکست فاش کیا میلے کے دوران کاکا فٹ بال کلب اور کے ڈی اے کلب کے مابین فٹ بال مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں کے ڈی اے کلب نے 1-0سے مقابلہ اپنے نام کیا، دوسری جانب شام کو میلے کے اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں روایتی خٹک ڈانس، کراٹے سمیت مختلف آئٹم پیش کیئے گئے ، میلے کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آفیشلز اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیئے گئے ا ور آتش بازی سے میلے کا اختتام کیا گیا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر