جنوبی وزیرستان سول ملٹری لیزان کمیٹی بی ٹی ایف سروکئی کا اجلاس
ڈیرہ اسماعیل خان ( بیورو رپورٹ )جنوبی وزیرستان سول ملٹری لیزان کمیٹی بی ٹی ایف سروکئی کا اجلاس بریگیڈیئر رائے عاصم منعقد ہو ا ، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن سروکئی یوسف خان اور مختلف محکموں کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی ۔ سول ملٹری لیزان کمیٹی کے نمائندوں کے علاوہ سول انتظا میہ کی جانب سے نامزد کئے جانے والے جنوبی وزیرستان سب ڈویژن سروکئی کے مختلف قوموں محسود ،وزیر،سلیمان خیل اور دوتانی کے قبائلی مشران اور نوجوانوں نے شرکت کی ۔لیزان کمیٹی کے اس جرگہ میں علاقے میں مختلف مسائل بارودی سرنگوں کی صفائی ،تعلیمی اداروں کی بحالی کے ساتھ اساتذہ کی تعیناتی،ہسپتال جیسے بنیادی ضروریات ،مواصلاتی نظام کی بحالی،تباہ شدہ مکانات کی سروے میں مشکلات، بجلی ،پانی کی فراہمی،اور آنے والے دنوں میں علاقے میں ضروریات کے مطابق ترقیاتی کام زیر بحث لائے گئے ۔ سول ملٹری لیزان کمیٹی کے تمام ممبران اور علاقے کے مشران اور نوجوانوں نے اپنے اپنے علاقے کے بنیادی مسائل اجاگر کیے اور ان کے حل کے لئے تجاویز بھی پیش کیں جس پر سول انتظامیہ ،پاک فوج اور متعلقہ اداروں نے ان کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔ سول ملٹری لیزان کمیٹی کے ممبران نے اجلا س کے دوران بی ٹی ایف سروکئی کے کمانڈر بریگیڈیئر رائے عاصم نے بتایا کہ پاک فوج اور عوام کے درمیان رابطہ کے فقدان کو ختم کرنے اور عوامی مسائل پر گفتگو کرنے کے لئے سول ملٹری لیزان کمیٹی کے اس قسم جرگے احسن اقدام ہیں جس سے عوامی مسائل حل ہونگے انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان میں امن قائم ہوچکاہے ۔اب ان علاقوں میں امن اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔پاک فوج کی تین ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہیں اور انشا اللہ امید ہے کہ بہت جلد بارودی سرنگوں کا صفایا ہوگا۔بریگڈئیر رائے عاصم نے مزید کہا کہ اب ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو عوام کی مشاورت سے کیا جائے گا کیونکہ آنے والے دنوں میں ان علاقوں میں میگا پراجیکٹس پر کام ہوگا اور ان ترقیاتی کاموں سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔ سول ملٹری لیزان کمیٹی کے تمام ممبران نے سول انتظا میہ اور پاک فوج کا ان مسائل کے حل کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔