قبائلی اضلاع کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے: محب اللہ خان

قبائلی اضلاع کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے: محب اللہ خان

پشاور ) پاکستان نیوز( خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و افزائش حیوانات محب اللہ خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر یہاں تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے اگلے دس سال میں دس کھرب روپے کے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع اورکزئی کے دورے کے موقع پر ہنگو میں محکمہ زراعت کے حکام اور عمائدین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ محب اللہ خان نے دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک کی نو تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر چیئرمین ڈیڈیک سوات و ایم پی اے فضل حکیم خان، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک خیبر پختونخوا ڈاکٹر شیر محمد، ڈائریکٹر ضم شدہ اضلاع ملک ایاز وزیر اور دیگر حکام موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع اورکزئی ڈاکٹر خالد یونس نے انہیں محکمے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع اورکزئی میں محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے مویشیوں کی مفت ویکسینیشن کے علاؤہ مختلف مہلک امراض کیلئے دیگر ادویات اور سہولیات بھی بلا معاوضہ مہیا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے ادارے کی دوسری سرگرمیوں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ وزیر زراعت ولائیوسٹاک نے کہا کہ غربت کے خاتمے، معیشت کے استحکام اورملک کی خوشحالی میں شعبہ زراعت وبلائیوسٹاک کا بڑا کلیدی کردار ہے۔ دیہی علاقوں کی ترقی اور کسانوں کی معاشی خوشحالی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔محب اللہ خان نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی بحالی و آباد کاری ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر ضم شدہ قبائلی اضلاع کے دوروں کا مقصد مقامی سطح پر عمائدین اور مشران کیساتھ مل بیٹھ کر تعمیر و ترقی کیلئے باہمی مشاورت اور ان کی خواہشات کے مطابق عوامی مسائل کا دیرپا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 10 سالوں میں قبائلی اضلاع میں انفراسٹرکچر، پانی، صحت، تعلیم اور زراعت و افزائش حیوانات سمیت تمام شعبوں کے فروغ پر 1000 ارب روپے خرچ کئے جائینگے جس سے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت غربت کے خاتمے، معاشی استحکام اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع میں سروس ڈیلیوری کی بہتری کیلئے عنقریب مزید نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیاجائیگا۔ قبل ازیں ہنگو پہنچنے پر صوبائی وزیر محب اللہ خان کو روایتی پگڑی پہنائی گئی انہیں دیگر تحائف کے علاؤہ اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی اس موقع پر محب اللہ خان اور دیگر حکام نے پودے لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر