خوشدل شاہ قومی ٹیم کیلئے ’’فنشر‘‘کا کردار نبھانے کے خواہشمند

خوشدل شاہ قومی ٹیم کیلئے ’’فنشر‘‘کا کردار نبھانے کے خواہشمند

لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستان کپ کی فاتح ٹیم خیبر پختونخوا کے کامیاب بیٹسمین خوشدل شاہ قومی ٹیم کیلئے موثر ہٹراور ’’فنشر‘‘کا اہم کردار نبھانے کے خواہاں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان پر سستی کے ساتھ کھیلنے کا الزام درست نہیں ہے۔پاکستان کپ فائنل کے بعد خوشدل شاہ کا ایک گفتگو میں کہنا تھا کہ یقینی طور پر وہ اس بات کو محسوس کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی ٹیم کیلئے ایک عمدہ ہٹر اور فنشر کا کردار نبھا سکتے ہیں۔خوشدل شاہ نے پاکستان کپ کے پانچ میچوں میں اسٹروکس سے لبریز 316 رنز 105.33 کی عمدہ اوسط سے بنائے جس میں ان کی دو سنچریاں بھی شامل تھیں۔ خوشدل شاہ کی جانب سے یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ورلڈ کپ کیلئے جانے والی پاکستانی ٹیم میں کوالٹی فنشر کا فقدان ہے۔ خوشدل شاہ نے بعض تجزیہ نگاروں اور کمنٹیٹرز کی جانب سے سستی کے ساتھ کھیلنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کپ میں 96 بالز پر 154ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر ثابت کیا کہ ان میں کسی بھی صورتحال میں عمدگی سے کھیلنے کی اہلیت ہے اور اپنا یہی مثبت کردار پاکستان کیلئے انجام دے سکتے ہیں۔خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ میں کراچی یا لاہور کی کسی ٹیم کیلئے اسی نمبر پر کھیل رہاہوتا تو ابھی تک قومی ٹیم میں جگہ بن چکی ہوتی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی