ورلڈکپ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دل و دماغ پر چھا گئی، انگلش کپتان کے بیان نے پاکستانیوں کی امیدیں بھی بڑھا دیں

ورلڈکپ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دل و دماغ پر چھا گئی، ...
ورلڈکپ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دل و دماغ پر چھا گئی، انگلش کپتان کے بیان نے پاکستانیوں کی امیدیں بھی بڑھا دیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان این مورگن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈکپ 2019ءکی بہترین ٹیموں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے چیمپیز ٹرافی میں بھی انتہائی شاندار کھیل پیش کیا تھا، اس لئے ان کیساتھ انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی ۔
این مورگن 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کو انتہائی مضبوط امیدوار سمجھتے ہیں اور اسے میگا ایونٹ جیتنے کیلئے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ورلڈکپ سے پہلے ان کیخلاف سیریز کے منتظر ہیں جس میں انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی۔
مورگن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لئے بھی خوش آئند ہے، ہمیں گرین شرٹس سے مقابلوں کی صورت میں حقیقت میں ایک بہت اچھی اور مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، پاکستان ورلڈ کپ کیلئے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے اور اس وقت چیمپئنز ٹرافی بھی ان ہی کے پاس ہے اور انگلینڈ کی سرزمین پراسے جیتنے کیلئے پاکستانی ٹیم نے انتہائی عمدہ کارکردگی پیش کی تھی، اس لئے ہم ان کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کی آزمائش میگا ایونٹ سے پہلے شیڈول واحد ٹی 20 میچ اور اس کے فوری بعدکھیلی جانے والی 5 ون ڈے میچز مشتمل باہمی سیریز ہو گی جس کی بدولت دونوں ٹیمیں ہی ورلڈکپ کیلئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔ یاد رہے کہ 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد انگلش ٹیم کی سفید بال کی کرکٹ میں کافی بہتری آئی ہے اور میگا ایونٹ کیلئے اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گرین شرٹس کو حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا جس کی وجہ سے میگا ایونٹ کے حوالے سے کچھ ابہام بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں تاہم جنوبی افریقہ کے مایہ ناز سابق بلے باز اے بی ڈویلیئرز کے بعد اب این مورگن نے پاکستانی ٹیم کے بارے میں اس طرح کے خیالات ظاہر کر کے پاکستانیوں کی امید میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

مزید :

کھیل -