عمران خان کے بارے میں کوئی ایک بات جو آپ کو پسند ہو؟اس سوال پر بلاول بھٹو کا دلچسپ جواب

عمران خان کے بارے میں کوئی ایک بات جو آپ کو پسند ہو؟اس سوال پر بلاول بھٹو کا ...
عمران خان کے بارے میں کوئی ایک بات جو آپ کو پسند ہو؟اس سوال پر بلاول بھٹو کا دلچسپ جواب

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ہلکے پھلکے انداز میں چلتے پھرتے نیوزپیج ’دی کرنٹ پی کے‘ کو انٹرویو دیاہے جس دوران عمران خان کے بارے میں کوئی ایک بات جو انہیں پسند ہو، کے جواب میں بلاول کا کہناتھاکہ میں ابھی تک ان میں اچھی بات ڈھونڈ رہاہوں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے نام اپنے شعر میں بلاول کاکہناتھاکہ ’برباد گلستان کرنے کو بس ایک ہی الو کافی ہے ، ہرشاخ پہ الو بیٹھا ہے ، انجام گلستان کیا ہوگا “۔آپ کے پارلیمنٹ میں پہلے ہی دن کے طنزومزاح نے سب کو حیران کردیا، آپ کو پتہ تھا کہ اتنا کرسکتے ہیں؟ اس سوال پر بلاول نے بتایا کہ سیاستدانوں کو ایک دوسرے سے بات کرنا ہوتی ہے ، مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں اور میرا یقین ہے کہ طنزومزاح موثر ہتھیار ہے ۔بلاول نے مزید بتایا کہ امی نے مجھے بہت سی نصیحتیں کی تھیں جن میں سے ایک پر ہروقت عمل کرنے کی کوشش کرتاہوں کہ کسی کو غصے میں جواب نہیں دینااور کچھ کرنے سے پہلے دس تک گننا چاہیے ۔ اسی طرح بلاول نے بتایاکہ صبح اٹھ کر وہی کام کرتے ہیں جو عام آدمی کرتا ہے ، ناشتے میں کافی ، انڈہ اور کبھی کبھار پراٹھا کھاتاہوں۔ آپ کی کس سے زیادہ بنتی ہے ، بختاوریا آصفہ ؟اس سوال پر بلاول نے بتایا کہ میری دونوںبہنوں سے بنتی ہے لیکن مجھ سے پوچھا جانے والا سوال بہت خطرناک ہے ۔ آپ کی والدہ کا چہیتا کون تھااور والد کا؟ اس پر بلاول نے بتایاکہ میرا خیال ہے کہ والدہ ساری زندگی ہی بہت کیرنگ رہی ہیں اور اس بات پر زور دیتی رہی ہیں کہ تمام ان کے لیے برابر ہیں ، اوراگرہم میں سے ہرایک سے الگ الگ پوچھیں گے تو ہرکوئی یہی کہے گا کہ وہی ان کا فیورٹ تھا، والد بھی یہی کہتے ہیں کہ کوئی بھی ان کا فیورٹ نہیں لیکن میں کہوں گا کہ بہنیں ان کی فیورٹ ہیں۔ آپ کی پوشیدہ صلاحیت کیا ہے؟ اس پر بلاول کاکہناتھاکہ اگر یہ پوشیدہ ہے تو مجھ سے بھی پوشیدہ ہے۔

مزید : قومی /سیاست