میڈیسن مافیا نے وزیر اعظم کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیئے، ادویات کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں

میڈیسن مافیا نے وزیر اعظم کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیئے، ادویات کی قیمتیں ...
میڈیسن مافیا نے وزیر اعظم کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیئے، ادویات کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں

  

اسلام آباد (این این آئی)دوا ساز مافیا نے وزیراعظم اور وزیر صحت کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے ،ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافہ پر کریک ڈائون کے باوجود حکومت قیمتیں کم کرانے میں ناکام ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق فارما سوٹیکل کمپنیوں نے ایک ہفتہ پہلے قیمتوں میں 40 سے 225 فیصد تک اضافہ کیا تھا ،ڈریپ نے نو سے 15 فیصد اضافے کی اجازت دی تھی۔ وزیراعظم نے عوام کے مطالبے پر دس اپریل کو ادویات کی قیمتیں واپس لینے کے لیے 72گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔حکومت کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد وزیرصحت عامر کیانی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ) اور پاکستان فارما سیوٹیکل ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد395 ادویات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔

محکمہ صحت کا نوٹیفکیشن دوا ساز کمپنیوں پر بے اثر ثابت ہوا،ڈریپ نے قیمتیں پرانی سطح پر بحال کرانے کیلئے کریک ڈائون شروع کیا اور اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور سمیت دیگر شہروں میں میڈیکل اسٹورز پر چھاپے مارے گئے۔وزیراعظم اور وزیر صحت کے احکامات اور حکومتی کریک ڈائون کے باوجود ادویات کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں جبکہ حکومتی ناکامی کے بعد عوام مہنگی ادویات خریدنے پر مجبورہیں۔

ذرائع کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر فارماسوٹیکل کمپنیاں بلیک میلنگ پر اتر آئیں،ادویات کی نئی قیمتوں والے سٹاک کی سپلائی روک دی گئی، سپلائی بحال نہ ہونے سے لائف سیونگ ادویات کے بحران کا خدشہ ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد