ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے سے بیروزگار ہونے والے کرکٹرز کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی واپسی کا دروازہ کھولنے کا ارادہ کر لیا ہے اور دوسرے مجوزہ ڈومیسٹک کیلنڈر میں محکمہ جاتی ٹیموں کے ایونٹ کی جگہ رکھے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے6 صوبائی ٹیموں کے دوسرے مجوزہ ڈومیسٹک کیلنڈر میں ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کیلئے بھی جگہ رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پہلے سیزن میں کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان ون ڈے کپ نہ ہونے کے بعد ڈومیسٹک شعبہ اب دوسرا کیلنڈز جلد ترتیب دینے کیلئے کوشاں ہے۔
ذرائع کے مطابق اگلے سیزن میں یکم جولائی سے 30 اگست تک محکمہ جاتی ٹیموں کا ایونٹ کرانے کی تجویز دی گئی ہے جس کا حتمی فیصلہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی جانب سے شرکت کی تصدیق سے مشروط ہوگا۔ پہلے ڈومیسٹک سیزن میں محکمہ جاتی ٹیموں کے اخراج پر ہونے والی تنقید کے بعد پی سی بی حکام اب ان کی واپسی کیلئے آمادہ ہیں۔
ایک تجویز کے مطابق ابتدائی طورپر ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں موقع دیاجائے گا جس کے بعد فرسٹ الیون تک آہستہ آہستہ بڑھانے کا امکان ہے۔ پی سی بی حکام پہلے ہی محکمہ جاتی ٹیموں کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے بیانات دے چکے ہیں۔
ابتدائی خدوخال کے مطابق دوسرا سیزن یکم جولائی سے انٹرسٹی ٹورنامنٹ کی صورت میں شروع ہوگا۔ یکم ستمبر سے قومی انڈر19 ٹورنامنٹ شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ اکتوبر میں ٹی 20 ورلڈکپ سے پہلے ستمبر کے دوسرے ہفتے میں مختصر ترین فارمیٹ کا قومی ٹورنامنٹ کھیلا جا سکتا ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کے مقابلے یکم اکتوبر سے کرانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہورہا ہے۔ پاکستان کپ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کیلئے 5 جنوری سے 5 فروری تک ونڈو مختص کی جا سکتی ہے۔کلب اور سکول کرکٹ کو بھی دوسرے سیزن میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔