رضوان عباسی کے دلائل پر سلمان اکرم راجہ برہم، توہین عدالت کارروائی کا مطالبہ کردیا

رضوان عباسی کے دلائل پر سلمان اکرم راجہ برہم، توہین عدالت کارروائی کا مطالبہ ...
رضوان عباسی کے دلائل پر سلمان اکرم راجہ برہم، توہین عدالت کارروائی کا مطالبہ کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کی  سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی کے دلائل پر سلمان اکرم راجہ برہم ہو گئے،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ابھی تو تاریخ نہیں دی، بھاگ کیسے گئے رضوان عباسی؟یہ کیا ہورہا ہے، قانون کو نافذ کریں، بغیر اجازت عدالت سےچلے گئے ہیں،رضوان عباسی پر تو توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کی  سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت وقفے کے بعد دوبارہ ہوئی،سیشن کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل عدالت پیش ہوئے۔

خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی کے دلائل پر سلمان اکرم راجہ برہم ہو گئے،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ٹرائل کورٹ میں بھی یہی دلائل دیئے تھے،وکیل رضوان عباسی نے مئی تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ مئی کیوں؟ کل تک سماعت ملتوی کریں، دلائل دہرا رہے ہیں، کیس میں رہ کیا گیا ہے؟

وکیل رضوان عباسی نے کہاکہ مجھے ابھی شواہد پڑھنے ہیں،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ 3گواہ ہیں، کوئی وقت نہیں لگے گا، ڈھائی صفحات سے زیادہ بیان نہیں،دوبار تاخیرپیدا کی، کامیاب ہوئے، اب نہیں ہونے دیں گے،وکیل رضوان عباسی نے کہاکہ میرے ٹرائل کیسز رکے ہوئے ہیں،سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ کوئی بھی فارغ نہیں ، ہمارے بھی سپریم کورٹ ، ہائیکورٹ میں کیسز ہیں،وکیل رضوان عباسی کا مقصد تاخیری حربے استعمال کرنا ہیں،گزشتہ 2سماعتوں پر نہیں آئے، آج کہہ رہے ہیں دو ہفتے مزید ملتوی کردیں۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ آئندہ ہفتے تک سماعت ملتوی کردیتے ہیں،جج شاہ رخ ارجمند نے رضوان عباسی سے استفسار کیا کہ سماعت 25اپریل تک ملتوی کر دیں؟وکیل رضوان عباسی نے کہاکہ ٹھیک ہے 25اپریل تک سماعت ملتوی کردیں،وکیل رضوان عباسی سیشن عدالت سے واپس روانہ  ہو گئے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ابھی تو تاریخ نہیں دی، بھاگ کیسے گئے رضوان عباسی؟یہ کیا ہورہا ہے، قانون کو نافذ کریں، بغیر اجازت عدالت سےچلے گئے ہیں،رضوان عباسی پر تو توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے،عدالت نے کیس کی سماعت 24اپریل تک ملتوی کردی ۔