پاکستانی کلچر اسلامی اصولوں کی عکاسی کرتا ہے،حافظ خالد نیک
لاہور(نمائندہ پاکستان)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے کہا ہے کہ پاکستان کا کلچر صرف لباس، زبان یا رسم و رواج تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا جامع نظامِ زندگی ہے جو ہماری اسلامی اقدار، خاندانی روایات، محبت، بھائی چارے اور اخلاقیات پر مبنی ہے۔ ہمارا کلچر دراصل دینِ اسلام کے سنہرے اصولوں کی عکاسی کرتا ہے۔ پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کسی بھی قوم کی پہچان اس کے ثقافتی ورثے اور مذہبی اقدار سے ہوتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو مغربی ثقافتی یلغار سے بچاتے ہوئے، انہیں اپنی اسلامی روایات، زبان، ادب، تاریخ اور تہذیب سے روشناس کروائیں۔ پنجاب کلچر ڈے پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنی قومی و اسلامی شناخت کو زندہ رکھیں گے، اور پاکستان کو ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے جو اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کرے اور دنیا میں ایک مثالی اسلامی معاشرہ کے طور پر ابھرے۔