حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کررہی ہے: وزیرخزانہ
اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔پائیدار اقتصادی مستقبل کیلئے برآمدات پر مبنی اور سرمایہ کاری سے چلنے والی ترقی کو فروغ دینے پر بھی وزیرِ خزانہ نے زور دیا۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ترجیحی شعبہ جات میں قرض کی فراہمی کے حوا لے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور معروف بینکوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مالیاتی شعبے کی ترجیحی شعبوں کیلئے قرضہ جات کی فراہمی کو حکومت کے برآمدات پر مبنی اقتصادی احیا اور مستقبل کی ترقی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ کرنا تھا۔وزیرِ خزانہ نے برآ مد ات کو فروغ دینے کیلئے بینکنگ سیکٹر کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور کہا حکومت اس حکمتِ عملی پر مکمل طور پر کاربند ہے اور ان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے جو اہم شعبوں میں برآمدی استعداد پیدا کرنے میں معاون ہوں۔اجلاس کے دوران وزیرِ خزانہ نے حالیہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان منرلز سمٹ کا حوالہ دیا، جو ملکی سرمایہ کاروں کی اعلی قدر کے منصوبوں میں دلچسپی کا مظہر تھا، ایسے اقدامات بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مثبت پیغام ہیں اور پاکستان کی اقتصادی سمت پر اعتماد کو فروغ د یتے ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے مالیاتی شعبے کے اسٹریٹجک کردار پر زور د یا، بالخصوص لاجسٹکس، تجارتی سہولت کاری، اور صنعتی ترقی میں بینکنگ سیکٹر کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیرِ خزانہ نے حقیقت پسندانہ اور جامع پالیسی سازی کے حکومتی عزم کو دہرا تے ہوئے بتایا رواں سال بجٹ سازی کا عمل قبل از وقت شروع کیا گیا ہے۔اس سے قبل پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین، ظفر مسعود نے وزیرِ خزانہ اور ان کی ٹیم کو زرعی شعبے، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)، اور ڈیجیٹل و ٹیکنالوجی کے شعبے میں بینکوں کی جانب سے فراہم کی جانیوالی معاونت کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بر یفنگ دی،اجلاس کے اختتام پر وزیرخزانہ نے بینکوں، پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں کے مابین مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پالیسی استحکام کو حقیقی اقتصا د ی تبدیلی میں بدلا جا سکے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ سے پیر کو انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی)کے ایک اعلیٰ سطحی و فد نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی، جس کی قیا دت آئی ایف سی کی گلوبل ڈائریکٹر برائے پبلک پرائیویٹ پرائیویٹائزیشن و کارپوریٹ فنانس ایڈوائزری، لنڈا رودو مونینگیٹرووا کر رہی تھیں۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے آئی ایف سی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ادارے کی تکنیکی مہارت اور مشاورتی تعاون کو سراہا۔انہوں نے اعتراف کیا عوامی مالیات کے نظم و نسق اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کر نے کیلئے درپیش مالی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی اداروں جیسے آئی ایف سی کی مہارت اور مالی وسائل سے فائدہ اٹھانا ناگز یر ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ جیسے ماڈلز کے ذریعے ضروری اصلاحات کے نفاذ اور توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے موثر نظام کی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔آئی ایف سی کے وفد نے پاکستان میں اسٹیک ہولڈرز کیساتھ قریبی اشتراک کے عزم کا اعادہ کیا اور طویل مدتی اور جامع معاشی ترقی کے حصول کیلئے مشاورتی خدمات اور سرمایہ کاری کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خزانہ