کے پی بجٹ کی تیاری میں تاخیر
خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی تیاری میں تاخیر سامنے آ رہی ہے، عمومی طور پر مارچ کے آخر یا اپریل کے پہلے ہفتے تک ترقیاتی بجٹ کا پہلا ڈرافٹ تیار کرلیا جاتا ہے تاہم اِس بار ابھی تک مشاورتی اجلاس ہی نہیں ہو سکا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجٹ کی تیاری میں تاخیر کی بنیادی وجہ ایک اہم افسر کی بیرون ملک موجودگی ہے تاہم مشیرِ خزانہ کے پی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی مشاورت اور پہلا ڈرافٹ مئی میں مکمل ہوا تھا، رواں مالی سال کی تیسری سہہ ماہی کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے، چاہتے ہیں کہ ماضی کی طرح غیر حقیقی بجٹ نہ بنے۔ رپورٹس کے مطابق تیاری کا عمل فوری شروع نہ کیا گیا تو بجٹ اسمبلی میں پیش کرنے میں بھی تاخیر ہو سکتی ہے جبکہ اِس صورتحال سے بچنے کی کوشش میں عجلت برتے جانے سے غلطیوں اور کمزوریوں کا احتمال ہے۔ محکمہ خزانہ کو چاہئے کہ مزید تاخیر سے بچنے کے لیے ترقیاتی بجٹ کی تیاری کا کام فوری طور پر شروع کرا دے۔