کراچی: ماہرین نے کورنگی کریک پر آگ بجھنے کے بعد خود ہی آگ دوبارہ کیوں لگادی؟

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )کورنگی کریک میں گڑھے میں لگنے والی آگ بجھنے کے بعد آگ کو پھر بھڑکا دیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں 29 مارچ کو گڑھے کی کھدائی کا کام جاری تھا کہ اسی دوران آگ بھڑک اٹھی، گڑھے میں لگنے والی آگ کو بجھانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کی گئیں اور بلآ خر 17 روز بعد آگ خود بجھ گئی۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا تھا کہ کورنگی میں لگنے والی آگ کی جگہ گیس پاکٹ موجود تھا اور اس قسم کے واقعات سوئی میں بھی پیش آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آگ آج خود ہی بجھ گئی اور آگ لگنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم جائے وقوعہ پر فائر بریگیڈ کی ٹیم موجود ہے اور متاثرہ علاقے کے اطراف میں گیس کی بو پھیلی ہوئی ہے۔
ادھر ڈی سی کورنگی مسعود بھٹو نے بتایا تھا کہ آگ کے مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس کی موجودگی ہے۔
اب چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ گیس کے خطرناک ہونے کے باعث ماہرین کی جانب سے کورنگی کریک کے اسی مقام پر دوبارہ آگ لگا دی گئی اور یہ آگ ماحول کی حفاظت کیلئے لگائی گئی ہے۔