پاکستان ہمارے لیے دنیا میں جنت کا ٹکڑا اور ماں کی گود کی طرح ہے
جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)مسلم لیگ ن کیپ ٹاؤن کے رہنما شہزاد بٹ نے کہاکہ پاکستان ہمارے لیے دنیا میں جنت کا ٹکڑا اور ماں کی گود کی طرح ہے جس کی حفاظت ہم اپنی جانوں پر کھیل کر کریں گے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو نہ صرف ایٹمی قوت بنا یا بلکہ بہترین محل وقوع اور موسموں سے نوازا ہے۔ روزنامہ پاکستان کے بیوروچیف سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد بٹ نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن اور اسلام سے وابستہ ہے جو لوگ پاکستان کو سیکولر بناناچاہتے ہیں انہیں کسی دوسرے ملک چلے جاناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی تکمیل اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے آزادی کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے وہ پتھروں سے بھارتی فوج کے ٹینکوں اور توپوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہم ا نہیں مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔ وہ وقت جلد آئے گا جب اسلام آباد اور سری نگر میں ایک ساتھ جشن آزادی منایا جائے گا۔ شہزاد بٹ نے کہاکہ قوم کو ایک نئے عزم کے ساتھ عہد کرنا ہوگاکہ ہم پاکستان کو علامہ اقبال ؒ کے خوابوں اور قائداعظم ؒ کی امیدوں کا پاکستان بنائیں گے ۔