لاہور چیمبرمیں 69ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب

لاہور چیمبرمیں 69ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب

لاہور (کامرس ڈیسک)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کے 69ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور تاجر برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تلاوتِ کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی ۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر، نائب صدر ناصر سعید، سابق صدور افتخار علی ملک اور محمد علی میاں نے پاکستان کا پرچم بلند کیا جس کے بعد تقریب کے شرکاء نے ملک و قومی کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے اپنے خصوصی پیغام میں ساری قوم کو پاکستان کے 69ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی بہترین لیڈرشپ ، دیانتداری اور فہم و دانش کی بدولت ہمیں ایک خود مختار وطن حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 14اگست صرف ایک تقریب نہیں بلکہ تاریخ کا ایک اہم باب ہے کیونکہ اس روز برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی جدوجہد کا صلہ ملا اور انہیں غیرملکی تسلط سے آزادی نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان لاکھوں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جن کی بدولت آج ہم ایک آزادملک کے باسی ہیں۔ شیخ محمد ارشد، الماس حیدر اور ناصر سعید نے کہا کہ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان نے کافی ترقی کی ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کے لیے حکومت اور تاجروں سمیت تمام طبقات ہائے فکر کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے شرکاء میں لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدور عبدالباسط، عرفان اقبال شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں عبدالرزاق، شیخ محمد ابراہیم، سلمان باسط، چودھری ظہیر بھٹہ، وقار احمد میاں، رضوان اختر شمسی، طلحہ طیب بٹ اور حاجی محمد اکرم نمایاں تھے۔

مزید : کامرس