پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ہنر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے:عرفان قیصر شیخ

پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ہنر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے:عرفان قیصر شیخ

لاہور(پ ر):پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ہنر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ماہر افرادی قوت کے بغیر معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق جدید فنی کورسز کا آغاز اور فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹیوٹا نہ صرف صوبہ پنجاب میں بلکہ پورے پاکستان میں فنی تعلیم کے فروغ اور ماہر افرادی قوت کی تیاری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔ فنی مہارت حاصل کرنے سے ہی نوجوان مختصر مدت میں روزگار حاصل کرکے اپنے خاندان کی معاشی کفالت، غربت کے خاتمے اور ملکی معاشی ترقی میں اپنܧ کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے جشن یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ، حامد غنی انجم، ظہر اقبال شاد، عامر عزیزاوردیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا 2018تک پانچ لاکھ افرادی قوت تیار کرلے گی۔ٹیوٹا پنجاب پبلک سیکٹر میں فنی مہارت فراہم کرنے میں ملک بھر میں سر فہرست ہے جو ہمارے لئے ایک اعزاز بھی ہے۔ رواں سال کے دوران ٹیوٹا دو لاکھ نوجوان نسل کو ماہر افرادی قوت بنائے گی۔مقامی و بین الاقوامی انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو جدید کورسز میں تربیت دیکرروزگار کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا ویژن ہے۔ٹیوٹا ان احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہاکہ پاکستان ہماری پہچان ہے جو ہمیں آسانی سے نصیب نہیں ہوا۔ اس کیلئے قربانیوں کی طویل داستان لکھی گئی ہے۔ ہم بابائے قوم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں سے معرض وطن وجود میں آیا اور ہمارے بزرگوں نے اس کے قیام اورہمارا مستقبل محفوظ کرنے کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔ 14اگست کے دن پرہم اپنے آباؤ اجداد کی یاد مناتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

ہمیں اپنی اپنی جگہ اپنے فرائض کو دلجمعی کے ساتھ ادا کرنا ہوگا ۔ہم سب کو مخلص ہو کر ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کو ایک رہنما قوت بنا کر درپیش مسائل کا مقابلہ کر نا ہوگا۔ ہماری اجتماعی کوششیں حب الوطنی ، اخلاص ، عزم اور ایما نداری کے عظیم جذبے سے سرشار ہیں جو ملک کو عظیم خوشحالی اور عظمت کی طرف لے کر جائیں گی۔ہمارے بزرگوں کی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ہم قائد اعظم کے وضع کردہ مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ آئیں ہم سب مل کر عہد کریں کہ ہم سب اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے ادا کریں گے تاکہ ٹیوٹا کے قیام کے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

مزید : کامرس