گزشتہ ماہ کے دوران بھارت میں افراط زر کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا
نئی دہلی (این این آئی)گزشتہ ماہ کے دوران بھارت میں افراط زر کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ماہ جولائی کے دوران اشیاء خوراک کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے جولائی کیلئے افراد زر کی شرح 5.90 کے قریب رہنے کی پیشگوئی کی تھی تاہم اعدادوشمار کے مطابق یہ شرح 6.07 کے لگ بھگ ہے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں افراط زر کی شرح 5.77 ریکارڈ کی گئی تھی۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے مارچ 2017ء تک افراط زر کی شرح پانچ فیصد تک لانے تک کا ہدف مقرر کیا ہے تاہم مسلسل چوتھے مہینے میں افراط زر کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اشیاء خوراک کی قیمتوں میں 8.35 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔