انجینئرنگ یونیورسٹی میں وائس چانسلر نے قومی پرچم لہرایا

انجینئرنگ یونیورسٹی میں وائس چانسلر نے قومی پرچم لہرایا

لاہور(خبرنگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورمیں 69ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے بطور مہمان خصوصی قومی پرچم لہرایا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری مادر وطن ہے لہذا ہمیں مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنے اپنے فرائض سر انجام دے کر اسے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لیئے باعث اعزاز ہے کہ پاکستان امت مسلمہ میں واحد ایٹمی قوت ہونے کے ساتھ ساتھ متنوع ثقافت، موسم اور ذہانت سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دولت کو ملک کی خوشحالی اور وقار کے لیے مثبت اندازسے استعمال کیا جائے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ہم دیکھ سکتے ہیں کہ لوگوں کا دنیا کے مختلف خطوں میں غلامی میں گزر بسر کیسا ہے اس لیئے ہمیں اس خدا کے تحفے کی قدر کرتے ہوئے نمایاں خدمات سر انجام دینے والے افراد کو مزید عزت و وقاردینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو آگے قدم بڑھا کر کردار ادا کرناچاہئے جسکی عوام توقع کرتی ہے اس لحاظ سے اس ملک کو محنت و دیانتداری، جوش و جذبہ اور وقت کے درست استعمال پر زور دینا چاہئے۔ واضح رہے کہ تقریب اسلام آباد میں کنونشن سینٹر کے ساتھ منسلک تھی۔ پروگرام میں ڈینز، فیکلٹی، رجسٹرار، سیکیورٹی آفیسر، پبلک ریلیشنزآفیسر عدنان خالق بھٹی سمیت دیگر ملازمین اور طلبہ نے شرکت کی ۔ یوم آزادی کے سلسلے میں جامعہ کو برقی قمقموں،بینرز، چھنڈوں اور دیگر اشیاء سے سجایا گیا۔وائس چانسلر نے بہترین انتظامات پر شعبہ تعلقات عامہ کی کوششوں کو سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4