کراچی کی سیاسی کروٹ سے امن کو تقویت ملے گی،الطاف شاہد
لاہو ر(نمائندہ خصوصی) پاک سرزمین پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ کراچی کی سیاسی کروٹ سے امن کوتقویت ملے گی ۔ شہرقائدؒ میں مصطفی کمال کی قیادت میں پاک سرزمین پارٹی کی حالیہ ریلی کوتاریخی کامیابی ملی جو اوورسیز پاکستانیوں سمیت چاروں صوبوں کے ہم وطنوں کیلئے ٹھنڈی ہواکاجھو نکا ہے ۔اہلیان کراچی کے نزدیک مصطفی کمال ،انیس احمدقائم خانی اوررضاہارون سے زیادہ کوئی قابل اعتماد نہیں۔مصطفی کمال ،انیس احمدقائم خانی اوررضاہارون کی قیادت اہلیان کراچی کیلئے حوصلہ مندی کی علامت ہے۔اب لوگ خاموش نہیں رہیں گے اورنہ اب کوئی دھونس کے بل پرانہیں ہانک کراپنے اجتماع میں لے جاسکتا ہے۔کراچی کے شہریوں کی سیاسی بیداری اورایک مخصوص امن دشمن گروہ سے بیزاری تبدیلی کی غماز ہے۔کراچی کے لوگ امن کی حامی قوتوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کررہے ہیں۔ وہ ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کی باضابطہ پہلی ریلی درحقیقت ایک کامیاب ریفرنڈم تھی ،ان عناصر کیخلاف جومسلسل کئی دہائیوں تک قومیت ،منافرت اورصوبائیت کے نام پرنفرت کابیج بوتے رہے اورتشدد کے بل پراپنے ناجائز مطالبات منواتے رہے ۔اب پاکستان میں منافرت،قومیت اورجھوٹ کی سیاست نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پاکستان کے لوگ جاگ رہے ہیں ،اب مگرمچھ کے آنسوبہانے والے ا نہیں بیوقوف نہیں بناسکتے ۔