دھرنوں کی سیاست ختم نہ ہوئی تو ملک کا نقصان ہو گا،آزاد تبسم
لاہور(پ ر)مسلم لیگ( ن )کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ دھرنوں کی سیاست ختم نہ ہوئی تو پاکستان کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔عمران خان نے یوم آزادی پر منعقدہ ریلی کو سیاسی شکل دے کر کم فہمی کا مظاہرہ کیا ۔ماضی میں ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیااورنیلم جہلم کامنصوبہ بھی اس کرپشن کا شکار ہوا اس وقت عمران خان خاموش کیوں رہے ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ اور نندی پور پاور پراجیکٹ کا موازنہ کام کرنے والوں اور وسائل لوٹنے والوں کا موازنہ ہے۔سابق وفاقی حکومت کے دور میں نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری تین سال تک کراچی کی بندر گاہ پر خراب ہوتی رہی جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ اگر دھرنوں اور احتجاجوں سے ترقیاتی عمل روکا گیا تو بڑاکا سانحہ ہوگا،اس لئے عوام ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا ہاتھ روکیں، ایسا نہ ہو کہ بعد میں ہاتھ ملنے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبے جس تیزی سے لگ رہے ہیں، ان میں احتجاج اور دھرنوں سے رکاوٹ ڈالنا قومی جرم ہوگا۔میری سیاسی پارٹیوں کے اکابرین سے دردمندانہ اپیل ہے کہ خدارا ہوش کے ناخن لیں۔قوموں کو تاریخ میں ایسے مواقع صدیوں میں ایک بارہی ملتے ہیں،اگر نے پاکستان کی ترقی کیلئے سنہری موقع فراہم کیا ہے توخدا کیلئے ملک کی تقدیر کے ساتھ کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔ حکومت کو اور عوام کو اپنا کام کرنے دیں اورملک ترقی کے جس راستے پر چل پڑا ہے اس راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔