پریس کلب میں ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹریننگ ورکشاپ

پریس کلب میں ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹریننگ ورکشاپ

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور پریس کلب میں ریڈ کریسنٹ پاکستان کے اشتراک سے یوم آزادی کے حوالے سے 2روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوئیں ۔پہلے روز ایک روزہ فرسٹ ایڈ/ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹریننگ کا انعقاد کیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی چیئرمین ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الٰہی تھے۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ کی جانب سے منیجر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر نادیہ نے ماسٹر فرسٹ ایڈر کے فرائض انجام دیئے جبکہ محمد فہیم ، عمران لطیف، ہنزلہ، وردہ گل، عادل خان شہر یار، علی مختار اور محمد عثمان رانا نے سینئر فرسٹ ایڈ ٹیچرز کے طور پر خدمات دیں ۔ ٹریننگ ورکشاپ میں دو مختلف سیشنز کے دوران سو سے زائد معزز ممبران نے شرکت کی۔ جنہیں سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔ چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبے میں صحافیوں کا کردار اہم ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک بھر میں ڈسٹرکٹ لیول تک صحافیوں کو فرسٹ ایڈ / ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تربیت دی جائے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ نائب صدر لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد، سیکریٹری شاداب ریاض، خزانچی ظہیر احمد بابر نے ممبرز کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ممبران کی تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔ سینئر صحافی نعیم مصطفےٰ نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔گزشتہ روز ریڈ کریسنٹ کے پائپ بینڈ نے مختلف قومی دھنیں اور ترانے پیش کئے جبکہ کلب میں میڈیکل کیمپ لگائے گئے جس میں صحافی اور ان کے اہل خانہ کے ٹیسٹ بھی کئے گئے اور خون کے عطیات بھی اکٹھے ہوئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1