ریو اولمپکس،بھارتی بیڈ منٹن سٹار سائنا شکست سے دوچار

ریو اولمپکس،بھارتی بیڈ منٹن سٹار سائنا شکست سے دوچار

برازیل(مانیٹرنگ ڈیسک)ریو اولمپکس میں گزشتہ آٹھ دنوں سے ایک تمغہ کیلئے ترس رہے ہندستان کی9ویں دن بھی امیدیں مٹی میں مل گئیں،بھارتیوں کو توقع تھی کہ بیڈ منٹن سٹار سائنا اپنا آخری گروپ میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی لیکن انہوں نے 39 منٹ چلے میچ میں ہی گھٹنے ٹیک دیے۔ریو اولمپکس میں بیڈ منٹن میں تمغہ حاصل کرنے کی آس لگائے بھارتی شائقین کی امیدیں زمین بوس ہو گئیں۔بھارتی سٹار اور کانسی کے تمغے کا دفاع کرنے والی بھارتی کھلاڑی سائنا نہوال اپنے آخری گروپ میچ میں یوکرائن کی ماریا یولٹینا سے شکست کھا کر ریو اولمپکس سے باہر ہو گئیں۔ سائنا نے پہلے گیم میں اچھی شروعات کی اور 7۔3 اور 10۔8 کی برتری حاصل کر لی لیکن ماریا نے ہندستانی کھلاڑی کو 11۔11 کی برابری پر جا پکڑا۔ماریا نے پھر 16۔15 کی برتری بنائی لیکن اسکور کچھ دیر بعد 17۔17 سے برابر ہو گیا۔ماریا نے مسلسل تین پوائنٹس لے کر 20۔17 کی برتری بنائی اور جیسے ہی سائنا کے ریٹرن کورٹ سے باہر گرا دیا، ماریا نے یہ کھیل 21۔18 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک ایک پوائنٹس کے لئے سخت جدوجہد ہوئی۔ 15 پوائنٹس تک دونوں کھلاڑی برابری پر تھیں۔سائنا نے پھر 17۔15 کی برتری بنائی لیکن ماریا نے انہیں 17۔17 کی برابری پر جا پکڑا۔یوکرائن کی کھلاڑی نے شاندار اسمیشس لگاتے ہوئے 19۔18 کی برتری بنائی جبکہ سائنا نے اسکور 19۔19 سے برابر کر لیا۔ماریا کے ریکیٹ سے ایک اور شاندار کراس کورٹ اسمیشس نکلا اور انہوں نے 20۔19 کی برتری بنانے کے بعد یہ گیم 21۔19 پر ختم کر دیا۔ماریا اس جیت کے بعد گھٹنوں کے بل کورٹ پر بیٹھ گئیں جبکہ سائنا اولمپکس سے باہر ہونے کی مایوسی میں ڈوب گئیں، سائنا کی شکست کے ساتھ ہی اولمپکس کے 9ویں دن بھارت کی تمغہ حاصل کرنے کی بھی امیدیں مٹی میں مل گئیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی