حکمرانوں نے عوام کوغلام بنانے میں کسرنہیں چھوڑی،اشرف بھٹی

حکمرانوں نے عوام کوغلام بنانے میں کسرنہیں چھوڑی،اشرف بھٹی

لاہور( نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکمران خاندان یوم آزادی منانے کاحق نہیں رکھتا ۔حکمران بھائیوں نے عوام کوغلام بنا نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ملک میں جمہوریت کے باوجودجمہور کوان کے بنیادی حقوق دستیاب نہیں ہیں۔عوام حقیقی آزادی کے ثمرات سے مستفیدہونے کیلئے وفاق اورچاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی کومینڈیٹ دیں۔حکمران تمام جمہوری سیاسی قوتوں اورسٹیک ہولڈرز کے بھرپوراعتماد کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پراس کی روح کے مطابق کام کرنے میں ناکام رہے ۔وہ فردوس پارک میں جشن آزادی کے سلسلہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ حکومت کی کوئی داخلی وخارجی پالیسی نہیں،چودھری نثارعلی خاں حکمران خاندان کے نادان دوست ہیں ۔ وزارت عظمیٰ تک رسائی چودھری نثارعلی خاں کادیرینہ خواب ہے جس کوشرمندہ تعبیر کرنے کیلئے وہ اپنے قائد میاں نوازشریف کوکمزورکرنے کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کیخلاف بلیم گیم کی حقیقت سے پاکستان کے عوام آگاہ ہیں۔

مزید : صفحہ آخر