وزیراعلیٰ پنجاب کا دورۂ چین اور’’پنجاب سپیڈ‘‘

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورۂ چین اور’’پنجاب سپیڈ‘‘
 وزیراعلیٰ پنجاب کا دورۂ چین اور’’پنجاب سپیڈ‘‘

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے دورۂ چین کے موقع پر ایگزم بینک آف چائنہ کی چیئرپرسن نے پنجاب میں چائنہ پاکستان کوریڈور کے تحت منصوبوں کی تعمیر کی رفتار کو تاریخی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے شینزن کی اصطلاح کو پیچھے چھوڑدیا ہے اور اب چین میں تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ شینزن چین کے ان شہروں میں شامل ہے، جہاں چین کا پہلا انڈسٹریل و اکنامک زون بنایا گیا اور چینیوں نے وہاں جناتی انداز میں کام کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ چین کے دورہ پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے خطاب کو چینی میڈیا نے غیر معمولی کوریج دی کہ پاکستان اور چین کے درمیان بننے والی شاہراہ معیشت کی تعمیر میں شہباز شریف کا اہم رول ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی قیادت شہباز شریف جیسے محنتی شخص کے پاس ہے، جن کی کارکردگی سے پور ی دُنیا واقف ہے۔
چین کے سرکاری میڈیا کا شہباز شریف کے بارے میں اس طرح کے تعریفی کلمات شہباز شریف کے پنجاب کے عوام کے لئے کئے جانے والے اقدامات ہیں اور ان اقدمات کی وجہ سے ان منصوبوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے۔ محمد شہباز شریف کے ساتھ چینی کمپنیوں کے سربراہوں نے ملاقاتیں کیں تو وزیراعلیٰ کی طرف سے کام کی رفتار چین اور پاکستان کی دوستی سمیت چینی کمپنیوں کے بارے میں معلومات نے چینی کمپنیوں کے سربراہوں کو حیران کر دیا۔ محمد شہباز شریف کو چین کی کمپنیوں نے پاکستان اور خاص کر پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس حوالے سے دورے کی دوسری اہم بات یہ ہے کہ چین میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو سربراہانِ مملکت کا پروٹوکول بھی دیا گیا، جو پنجاب عوام کے لئے اعزاز ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سانک تاؤ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سانک تاؤ نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دونوں جماعتوں کے مابین تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ہماری خواہش ہے کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوانوں پر مشتمل وفود کو چین بھجوایا جائے۔


بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں انڈسٹریل پارک کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ چین کے سرمایہ کار اور صنعت کار پنجاب میں چونیاں انڈسٹریل سٹیٹ میں ایک انڈسٹریل پارک بنائیں گے ، انڈسٹریل پارک میں چین کے پرائیوٹ سیکٹر کے سرمایہ کار فیکٹریاں لگائیں گے ۔انڈسٹریل پارک 2000 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہو گا۔ منصوبے پر 20 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں چین کے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور پاکستان کے سرکاری و نجی اداروں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ۔تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی تاجروں و صنعت کاروں کو اس عظیم موقع کو باہمی تجارت کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔ تقریب کے دوران7 معاہدوں اور مفاہمت کی 17 یاد داشتوں پر دستخط کئے گئے۔ان معاہدوں کاتعلق ٹیکسٹائل انڈسٹریز، انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام ، مختلف فنون میں ماسٹر ٹرینرز کی تربیت ، تجاری میلوں و نمائشوں کے فروغ، انفراسٹرکچر اور واٹر ٹریٹمنٹ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینا ہے۔


چین کے بڑے صنعتی ، تجارتی اور اقتصادی شہر چنگ ڈاؤ میں ’’پنجاب ڈاؤ بزنس سیمینار‘‘ سے چینی شہر چنگ کے میئر سن لی جیائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے چینی سرمایہ کاروں کے لئے حقیقی معنوں میں بہترین ماحول فراہم کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی میں پنجاب میں چینی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ چین کے سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات متاثر کن اور شاندار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں چینی سرمایہ کاروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیمینار سے خطا ب میں چین کے بڑے سرمایہ کاروں کے لئے صوبے میں سرمایہ کار ی پر مفت اراضی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کی دل و جان سے قدر کرتی ہے اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی ماہرین اور سرمایہ کار پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ساتھ صنعتوں کی منتقلی کے پروگرام میں چینی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دیں گے۔


اسی طرح چین کے صوبے شین ڈونگ کے شہر جنان میں ایک اور ’’پنجاب ڈؤ نگ بزنس کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا کانفرنس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور شین ڈونگ صوبے کے نائب گورنر جی ژاہ زنگ نے مشترکہ طور پر کی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ چینی بزنس مینوں نے پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات اور تاثرات بیان کیے ۔ کانفرنس میں چین کے صفحہ اول کی سرکاری کمپنیوں کے سربراہان ، صنعت کاروں اور بزنس مینوں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے شین ڈونگ صوبے کے نائب گورنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شین ڈونگ اور پنجاب مل کر ترقیاتی تعاون میں نئے باب رقم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قیادت نے پنجاب کے ساتھ بھرپور تعاو ن کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے اور ہم اِس ضمن میں پنجاب کے ساتھ قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاک چائنہ تعلقات کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھایا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے 46 ارب ڈالر کے عظیم سرمایہ کاری پیکیج پر ایک برس کے عرصے میں عظیم الشان کام ہو چکا ہے اور اس تاریخ ساز پیکیج کے تحت لگائے جانیوالے منصوبے کسی ایک خطے تک محدود نہیں،بلکہ پاکستان کے طول و عرض پر پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا میں روزانہ ہزاروں معاہدے ہوتے ہیں، لیکن ان پر عمل درآمد کتنے منصوبوں پر ہوتا ہے۔ ، یہ سوالیہ نشان ہے، لیکن چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار اپنی مثال آپ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ پر جون 2015ء میں کام شروع کیا گیا اور اس منصوبے پر اب تک نصف کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ 2 برس سے بھی کم عرصے میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت میں تلونڈی کے مقام پر چین کے تعاون سے لگنے والا اسی طرح کا کول پاور پلانٹ دیکھا ہے جو ساڑھے چار برس میں مکمل ہواہے۔پاک چین دوستی کی کہانی دو محبت کرنے والوں کی کہانی ہے اور اس محبت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس کے دوران پاکستان خصوصاً پنجاب میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام کو سٹیج پر آکر اپنے تجربات شیئر کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ آپ چینی زبان میں پوری دیانتداری کے ساتھ بغیر لگی پلٹی اپنے تجربات کانفرنس کے شرکاء کے ساتھ شیئر کریں۔ میری چینی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ہموطنوں کی بات سن کر فیصلہ کریں اور جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ فوری طور پر کریں۔


چینی سرمایہ کاروں نے کانفرنس کے شرکاء کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاًپنجاب میں ہمیں کام کرنے کا بہترین تجربہ ہوا ہے اور پنجاب میں ہر سطح پر تمام ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ، ان کی ٹیم ، سیاستدانوں اور بیورو کریٹس نے ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ پنجاب چین کے سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی پُر کشش صوبہ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیکیورٹی کے حوالے سے بھی انتہائی شاندار اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کانفرنس کے دوران پنجاب میں کام کرنے والے چینی سرمایہ کاروں کے تجربات کو انتہائی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہترین کام کرنے والی چینی کمپنی کے سربراہ کو وفاقی حکومت سے تمغہ کارکردگی دینے کی سفارش کروں گا۔

مزید :

کالم -