گورنراور وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات،ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صوبہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کے فوائد جلد از جلد عوام تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے مزار قائد پر پرچم کشائی کے بعد ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نثار احمد کھوڑو اور جام خان شورو بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے شعبہ کو اولیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے فور، ایس تھری، ایم نائن اور لیاری ایکسپریس وے اس ضمن میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے دوسرے ٹریک کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور جلد عوام کو اس ٹریک پر بھی سفری سہولیات حاصل ہوسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ K-4 کراچی کے شہریوں کو پانی کی کمی سے نجات دلانے کا منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل سے شہر میں پینے کے پانی کی کمی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں رہنمائی پر گورنر سندھ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ضمن میں فنڈز کے اجراء اور استعمال میں شفافیت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔