ملتان آرٹس کونسل کو فن و ثقافت کے فروغ کا مرکز بنائیں گے ‘ محمد علی کھوکھر
ملتان ( خصوصی رپورٹر) چیئرمین ایم ڈی اے و ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی کھوکھر نے کہا ہے کہ یہ خطہ ایک منفرد تہذیب ، ثقافت اور فن کا علمبردار ہے جسے فروغ دیکر نفرت کی دیواروں کو گرا کر وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ملتان آرٹس کونسل ایک ثقافتی اثاثہ ہے۔ لیکن ماضی میں اسے(بقیہ نمبر25صفحہ12پر )
سیاسی جلسوں کیلئے استعمال کیا گیا جس سے آرٹ اور ثقافت کے فروغ کے راستے مسدود کر دئیے گئے ۔ آرٹس کونسل میں ادب، آرٹ اور کلچر کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور فنکاروں اور ہنرمندوں کو باوقار مقام دیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے ملتان آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش کے افتتاح کے موقع منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس رانا رضوان قدیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ رمشا رحمن اور ایم ڈی اے کے افسران کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین ایم ڈی اے نے کہا کہ ملتان پانچ ہزار سال سے زائد عرصہ سے آباد چلا آنے والا شہر ہے۔ یہاں کی سرائیکی زبان اور تہذیب و ثقافت امن ، محبت، اخوت اور رواداری میں گندھی ہوئی ہے اور اپنی ایک منفرد پہچان رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ صدیوں پرانے فن و ثقافت کو فروغ دینے کیلئے آرٹس کونسل کی خوبصورت عمارت کو تعمیر کیا گیا لیکن اسے سیاسی اکھاڑہ بنا دیا گیا جس سے ہنر مند اور فنکار بھی مایوس ہو گئے۔ اس کے علاوہ یہ عمارت شکست و ریخت کا شکار ہو گئی ہو اس کی مرمت کی طرف بھی کوئی توجہ نہ دی گئی لیکن ایم ڈی اے کی موجودگہ انتظامیہ کو یہ اعزاز جاتا ہے جس نے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کر کے اسے ایک بار خوبصورت اور پُر کشش بنا دیا ہے اب ملتان آرٹس کونسل میں مختلف نمائشوں کو فروغ دیا جائے گا اور آرٹ گیلریز کو مستقل طور پر قائم کیا جائے گا اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فنکاروں اور ہنرمندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو نے اس موقع پر چیئرمین ایم ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان آرٹس کونسل چمگادڑوں کا بسیرا بن چکا تھا، کولنگ سسٹم خراب اور فرنیچر تباہ ہو گیا تھا ۔ کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے اس فن و ثقافت کے مرکز کی تزئین و آرائش کی ہدایات جاری کیں ۔ نیا اے سی پلانٹ نصب کیا گیا اور کارپیٹنگ کی گئی ہے تمام نشستوں کی مرمت اور پوشش، دیواروں کی تزئین و آرائش اور جنریٹر کی اوور ہالنگ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کے پورے اندرونی حصے کا رنگ و روغن کیا گیا اور جدید لائٹنگ سسٹم نصب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تزئین و آرائش کا کام 120 یوم میں مکمل کیا گیا اور جشن آزادی کے موقع پر اس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ملتان آرٹس کونسل کے افتتاح کے موقع پرجشن آزادی کے حوالے سے معروف ہنر مندوں کی طرف سے کڑھائی ، شیشہ ورک ، ظروف سازی، بلیو پاٹری ، بون ورک اور کیمل سکن کے سٹال لگائے گئے تھے اور خطاطی اور مصوری کی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اوراس موقع پر پیپر سے بنائے گئے فانوس فضا میں چھوڑے گئے اوراس کے علاوہ روایتی جھومراور ڈاچی ڈانس کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ بعد ازاں ’’ نئی کہانی نئے لوگ‘‘ کے نام سے فیملی ڈرامہ پیش کیا گیا۔ ڈرامے کے شرکاء کو قرعہ اندازی کے ذریعے موبائل اور گفٹ ہیمپر بھی دئیے گئے۔