سعودی عرب میں بھی پاکستان کا جشن آزادی منایا گیا

سعودی عرب میں بھی پاکستان کا جشن آزادی منایا گیا

جدہ (این این آئی)سعودی عرب میں پاکستان کا 70 واں یوم آزادی کا جشن بھرپور اور قومی ولولے اور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز سفیر پاکستان منظور الحق نے پاکستان ایمبیسی ریاض میں اور قونصل جنرل پاکستان شہریار اکبر خان نے پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں پاکستان کا قومی پرچم لہرا کر کیا جسے چاق و چابند دستے نے سلامی پیش کی تقریبوں میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے موصولہ پیغامات پڑ ھ کر سنائے گئے۔جدہ قونصلیٹ میں پیغامات ڈپٹی قونصل جنرل آصف میمن، ہیڈ آف چانسلر سرور سعید جبکہ نظامت کے فرائض قائمقام پر نس قونصل شعیب اکبر نے ادا کئے جبکہ گلو کاروں نے قومی نغمے پیش کیئے ۔اس دوران چھوٹے اور بڑے قومی پرچم ہلاتے رہے قونصل جنرل شہریار اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک جمہوری ڈگر پر چل رہا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں نئے منتخب ہونے والوں کو پچھلی حکومت جس نے اپنے 5 سال پورے کیے تھے، نئی بننے والی جمہوری حکومت کو بڑے پر سکون ماحول میں اقتدار کی منتقلی قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں امن و امان اور معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، قونصل جنرل میں مملکت میں پاکستانی عمال کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ اس بات پر بڑی مطمئن ہے کہ خراب صورتحال کے باوجود پاکستانی عمال صبرسے کام لے رہے ہیں اور انہوں نے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا اور کوئی ایسا غلط کام نہیں کیا جس پر ان پر انگلی اٹھا ئی جا سکے۔ انہوں نے جدوجہد آزادی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان ہمارے پاس قائد اعظم کی امانت ہے جس کی حفاظت کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے فرمودات کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔پاکستانی وسائل سے مالا مال ملک ہے ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اچھے شہری کی طرح اپنے وطن کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالے اور امن و امان کی بہتری کیلئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرے۔ پاکستان میں امن و امان کی بحالی اور خوشحالی اور حفاظت کیلئے دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں بچوں نے حسب روایت بڑے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے، مہمانوں کی ناشتہ سے تواضع بھی کی گئی۔

سعودی عرب

مزید : کراچی صفحہ اول