واڑی، عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ضلع سوات سے ملانے والی سڑک پر کام کا آغاز کردیا

واڑی، عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ضلع سوات سے ملانے والی سڑک پر کام کا آغاز ...

واڑی(نمائندہ پاکستان)واڑی کے علاقہ کارو درہ کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ضلع سوات سے ملانے والی سڑک پر کام کا آغاز کردیا ،بیس کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے لئے مقامی لوگوں نے چندہ اکھٹا کرکے منصوبے کو مکمل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے ،حکومتی سطح پر توجہ نہ دی گئی تو آئیندہ الیکشن سے بائیکاٹ کرکے سیاسی لوگوں کا داخلہ علاقے میں بند کردیں گے ،تفصیلات کے مطابق دیر بالا اور سوات کے سرحدی علاقے کے قریب واقع کارو درہ کے عوام نے ضلع سوات کے تحصیل کبل سے زمینی رابطہ بحال کرنے کی غرض سے جبئی کے مقام پر بیس کلومیٹر سڑک گزشتہ روز مساجد میں اعلانات کرکے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیراتی کام شروع کردیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں کارو درہ کے ساتھ امداد کے لئے آنے والے کبل سوات کے عوام نے بھی حصہ لیا ،اس موقع پر علاقہ عمائدین ضلع کونسل کے ممبر بھادر زیب ،ویلج کونسل ناظم اسلام محمد سواتی ،ڈاکٹر محمد شعیب ،ملک واصل خان ،جمال خان و دیگر نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ضلع سوات سے ملانے والی سڑک کی تعمیر کارو درہ اور پورے دیر بالا کے لئے تاریخی منصوبہ ہے جس کے بارے میں سیاسی طور پر عوام سے بار بار وعدے ایفاء نہ ہوسکیں اور علاقے کے عوام نے سیاسی جماعتوں سے مایوس ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت سڑک تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جوکہ پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے انہوں نے کہا کہ زمینی رابطہ بحال ہونے سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع مئیسر آنے کے ساتھ ساتھ دیر بالا اور سوات کے درمیان فاصلے ختم ہوجائیں گے جو کہ دونوں اضلاع کے عوام کے لئے نیک شگون ثابت ہوگا ،اس موقع پر ضلعی کونسلر بھادر زیب نے سڑک کی تعمیر کے لئے دس لاکھ روپے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ دیر بالا سے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے ہمارے ساتھ تعاون نہ کیا تو ویلج کونسل ھزارہ کے عوام آئیندہ انتخابات سے مکمل بائیکاٹ کریں گے

مزید : پشاورصفحہ آخر