ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب

ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل جالبی ایک عظیم محقق ،نقاد،ادیب اور ممتاز عالمی اسکالرہیں اوراپنی ذات میں ہی ایک انجمن ہے۔ڈاکٹر جمیل جالبی کا بحیثیت وائس چانسلر جامعہ کراچی ایک عظیم اور کامیاب دور تھا اور ان کی جامعہ کراچی سے محبت کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایاجاسکتا ہے کہ شدید علیل ہونے کے باوجود وہ بذات خود ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تشریف لائے اور جامعہ کراچی کو ایک انمول اور گراں قدر تحفے سے نوازا۔ان کی علم دوستی آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ اور روشن مثال ہے۔انشاء اللہ آٹھ ماہ میں مذکورہ لائبریری کی تعمیر مکمل ہوجائے گی اور ہم دعاگوہیں کہ مذکورہ لائبریری کا افتتاح بھی بدست ڈاکٹر جمیل جالبی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر محمد قیصر نے مزید کہا کہ یہ لائبریری کراچی یونیورسٹی کے لئے ڈاکٹر جمیل جالبی کی طرف سے ایک بہت بڑاعلمی تحفہ ہے جس میں ایک لاکھ کتابیں اور قلمی مخطوطے شامل ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کتب خانے کی تعمیر سے طالب علموں کی دانش اور ریسرچ کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ یہ کتب خانہ جدید ترین انداز میں تعمیر ہوگا اور اس میں ایک ریسورس سینٹر بھی بنایا جائے گا ۔یہ کتب خانہ نئے دور کے تمام علمی اور تحقیقی تقاضوں کو پوراکرے گا۔واضح رہے کہ سابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل جالبی نے بذات خود ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ڈاکٹر جمیل جالبی کے صاحبزادے اور چیئر مین ایکسپورٹ پروسسنگ زونز اتھارٹی ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا کہ آج کی یہ تقریب سعید ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لا ئبریری کے سنگ بنیاد رکھنے کاایک تاریخی اور یاد گار دن ہے ۔اس تقریب کا سب سے خوشگوار، یاد گار اور تاریخی پہلو یہ ہے کہ اردو ادب کے سرتاج، تاریخ ادبِ اردو کے شہرہ آفاق مصنف، ممتاز دانشور اور عالمی شہرت یافتہ محقق ڈاکٹر جمیل جالبی جو کہ صحت کے اعتبار سے آپ سب کی دعاؤ ں کے طالب ہیں اس عظیم الشان ریسرچ لائبریری کا سنگ بنیاد انہی کے دست مبارک سے رکھا جا رہاہے۔ میرے لئے یہ انتہائی خوشی کے لمحات ہیں کہ میں آج اپنے والد ڈاکٹر جمیل جالبی کی خواہش کے مطابق جامعہ کراچی کو یہ عظیم علمی دولت سپرد کرنے جارہاہوں۔میں ذاتی طور پرشیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر صاحب اور دیگر انتظامیہ کا تہہ دل سے ممنون و مشکور ہوں کہ آپکی ذاتی کاوشوں کے سبب یہ دیرینہ خواب آج پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر یہ خواب اپنی تعبیر سے ہمکنا ر ہوا۔اس تقریب میں شامل میرے رفقاء کار جنہوں نے ہر مرحلے پر میری معاونت و رہنمائی کی ان کا بھی میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان کی خاص توجہ اور مسلسل انہماک کی بدولت آج ہم ڈاکٹر جمیل جالبی ریسرچ لائبریری کی سنگ بنیادکی تقریب میں شریک ہیں جو آنے والے زمانوں میں علمی حصول کے متلاشیوں کیلئے یہ بیش بہا خزانہ کتب معاون اور سنگ میل ثابت ہو گا۔میں آپ کا زیادہ وقت لیئے بغیر آخر میں آپ سب معزز شرکاء کا شکریہ اد ا کرتا ہوں کہ آپ کی شرکت نے اس عظیم اور تاریخی تقریب کو رونق بخشی۔تقریب میں رئیس کلیہ نظمیات وانصرام پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی ،رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر ،انچارج ڈاکٹر محمود حسین لائبریری پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی ،ڈاکٹر معیزخان،معروف دانشور اور ادیب رونق حیات ،فراصت رضوی اور دیگر اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔خطبہ استقبالیہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر جبکہ نظامت کے فرائض پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی نے انجام دیئے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر