آزاد کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا
مظفرآباد(آن لائن)ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے اہم تقریب دارلحکومت مظفرآباد کے صدارتی سیکرٹریٹ میں ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کام پاک سے ہوا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردا ر محمد یعقوب خان نے قومی پرچم لہرایا اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ پرچم کشائی کی اس تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، وزراء کرام، چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ، انسپکٹر جنرل پولیس بشیر میمن، تمام محکموں کے سیکرٹری صاحبان ، سربراہان محکمہ جات ، گرلز گائیڈ بز، بوائے سکاؤٹس، عمائدین شہر اور اعلی پولیس اور فوجی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ مقامی سکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے ترانے اور رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی صدر آزادکشمیر کی جانب سے تواضع کی گئی۔ صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے اس پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قوم کو آزادکشمیر، مقبوضہ کشمیر اور سمندر پار کشمیریوں کی جانب سے دلی مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیری قوم جلد بھارتی غلامی سے آزادہوکر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حصہ بنے گی اور ہم سب مل کر یوم آزادی کی خوشیاں منائیں گے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم اس موقع پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ بھارت سے آزادی لے کر رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلایا کہ آزادی کی اس جنگ میں آزادکشمیر کا بچہ بچہ آپ کے ساتھ ہے ہم بیس کیمپ کے عوام اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری نوٹس لے ۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم اس پرمسرت موقع پر اپنے شہداء ، مسلح افواج پاکستان رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ہمیں اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے۔