تھانے میں فائرنگ، سابق چیئرمین سینیٹ کا بھانجا، زلفی بخاری کا بہنوئی بیرسٹر فہد ملک جاں بحق

تھانے میں فائرنگ، سابق چیئرمین سینیٹ کا بھانجا، زلفی بخاری کا بہنوئی بیرسٹر ...
تھانے میں فائرنگ، سابق چیئرمین سینیٹ کا بھانجا، زلفی بخاری کا بہنوئی بیرسٹر فہد ملک جاں بحق

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تھانہ شالیمار میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کا بھانجا بیرسٹر فہد ملک جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ بیرسٹر فہد ملک چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے دوست معروف بزنس مین زلفی بخاری کے بہنوئی تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 تھری میں اتوار کے  روز راجہ ارشد اور طارق ملک کے گروپوں کے درمیان لڑکی کے معاملے پر تنازعہ ہوا تھا جس کی صلح مقامی تھانے میں ہوگئی تھی اور رات کے وقت ساڑھے 12 بجے کے قریب  صلح نامہ لکھا جارہا تھا جبکہ فہد ملک دونوں گروپوں میں صلح کرا رہے تھے۔

اس دوران فریقین کے درمیان دوبارہ تلخ کلامی ہوئی اور تھانے میں ہی  دونوں گروپوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کا بھانجا اور زلفی بخاری کا بہنوئی بیرسٹر فہد ملک موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک  گروہ کا سرغنہ طارق ملک ٹانگ میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے پمز ہسپتال منتقل کردی ہے  تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا ہے۔ 

ضرور پڑھیں: اسد عمر کی چھٹی

فائرنگ کے واقعہ کے بعد راجہ ارشد موقع سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ ملزم گرفتار نہ کرنے پر تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او ریاض کو معطل کردیا گیا ہے۔ 

دوسری طرف بیرسٹر فہد ملک کی بیوی اور 2 بیٹے چھٹیاں منانے کیلئے اپنے ماموں زلفی بخاری کے پاس برطانیہ گئے ہوئے تھے۔ قتل کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی زلفی بخاری اپنی بہن اور بھانجوں کو لے کر برطانیہ سے روانہ ہوگئے ہیں۔

مزید : اسلام آباد