جشن آزادی پر لاہور سمیت ملک بھر میں طویل غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ

جشن آزادی پر لاہور سمیت ملک بھر میں طویل غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ
 جشن آزادی پر لاہور سمیت ملک بھر میں طویل غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ

  

لاہور(ویب ڈیسک ) بجلی کی طلب و رسد میں فرق کے باعث یوم آزادی کے موقع پر بھی شہریوں کو لوڈ شیڈنگ کاعذاب جھیلنا پڑا، صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں علانیہ و غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کی گئی جس کے باعث شہریوں کوآزادی کے روز بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں اضا فہ ہو گیا جس کے باعث صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا بعض علاقوں میں ہر پندرہ منٹ کے بعد بھی لوڈ شیڈنگ کی جانے لگی،بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی۔ میدانی علاقوں میں جان لیوا حبس اور گرمی سے عوام نڈھال ہو گئے۔

صوبائی دارالحکومت کے علاقو ں بلال گنج ، ٹاﺅ ن شپ، مصطفی آباد اور شاد باغ سمیت متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر اور تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی طویل بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مرمتی کام میں تاخیر کے باعث شہریوں نے لیسکو عملے کیخلاف شدید احتجاج کیا، بجلی کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی گزشتہ روز شہری علاقوں میں بارہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چودہ سے سولہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔واضح رہے واپڈا حکام نے جشن آزادی پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید : لاہور